رمضان المبارک میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب پولیس تما وسائل استعمال کرے گی آئی جی پنجاب

سرگودھا (محمد تہور بلال اصغر سے )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے پولیس فورس، قومی رضاکاروں اور والنٹئیرزکی تعیناتی کے علاوہ تمام دستیاب وسائل اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے جبکہ مساجد میں عبادات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ نماز فجر اورتراویح کے اوقات میں حساس عبادت گاہوں میں اضافی نفری کو تعینات کیا جائے جبکہ صوبے بھر میں مساجد اور امام بارگاہوں کے گردونواح میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر شروع کئے جائیں جن کی رپورٹس بھی باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جاتی رہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عالمگیر وباکوروناکے خطرات کے پیش نظررمضان المبارک میں ہر قسم کے سحری اورافطاری کے اجتماعات پر پابندی کو سختی سے یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے مقام و مرتبے کا لحاظ کئے بغیر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی جانب عائد پابندیوں پر عملدرآمد کروانے کے لیے فورس کے خصوصی سکواڈ تشکیل دئیے جائیں اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث سفاک ملزمان کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ ان معاشرتی ناسوروں کو انکے اصل مقام تک پہنچایا جاسکے۔انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا ڈیوٹی یا جرائم کنٹرول کی آڑ میں کرپشن یا شہریوں سے بدتمیزی کے مرتکب افسران واہلکار کسی رعائیت کے مستحق نہیں ایسے واقعات میں ملوث ذمہ داران خود کو سخت محکمانہ کارروائی کے لیے تیار رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کی مذہبی عبادت گاہوں بالخصوص احمدی عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بطور خاص توجہ دی جائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ رمضان المبارک کے دوران جرائم کی شرح میں ماضی کی طرح متوقع اضافے کو کنٹرول کرنے کیلئے ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں اور بالخصوص آخری عشرے کے دوران حساس مقامات کی سیکیورٹی کیلئے پلاننگ جاری رکھی جائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ لاک ڈاؤن کے دوران ناکوں پرکورونا ڈیوٹی کی مینجمنٹ کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اورایک پوائنٹ پر جتنے اہلکاروں کی ضرورت ہے اس سے زیادہ ہرگز تعینات نہ کئے جائیں اور ہر اہلکار سے اسکی ڈیوٹی احسن انداز میں لی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ دوران رمضان پولیس فورس کی ویلفیئر کا بطور خاص خیال رکھا جائے اور فیلڈ ڈیوٹی پر تعینات ہر اہلکار کو اسکے ڈیوٹی پوائنٹ پربروقت کھانے کی فراہمی میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل سیکیورٹی انتظامات اور انسداد کورونا کے حوالے سے جاری اقدامات کے جائزہ کیلئے منعقدہ اجلاس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،اجلاس میں صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز بالخصوص ڈی پی او خانیوال محمدعلی وسیم نےبھی آئی جی پنجاب کو رمضان المبارک کی سیکیورٹی اور انسداد کورونا کے حوالے سے جاری اقدامات کے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنزانعام غنی نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر سکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں دوران رمضان تقریبا70ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور والنٹئیرز سیکیورٹی اور کورونا ڈیوٹی سر انجام دیں گے جبکہ فورس کے ساتھ ساتھ میٹل ڈٹیکٹرز، واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی بھرپور مدد لی جائے گی اور حساس دینی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کیلئے ڈرون کیمروں کا استعمال بھی کیاجائے گا جس پر آئی جی پنجاب نے احکامات دیتے ہوئے کہاکہ آر پی اوزاور ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکل کر رمضان سیکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کرتے رہیں اور سیکیورٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت کے بارے میں موثر بریفنگ بھی دی جائے تاکہ و ہ اپنے فرائض منصبی احسن انداز میں ادا کرسکیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ رمضان المبارک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم رکھنے کیلئے علمائے اکرام سے سماجی فاصلوں کی پابندی اور احتیاطی تدابیر کے متعلق عوامی آگاہی کو مزید بہتر کرنے کیلئے مدد اور تعاون بھی لیا جائے۔انہوں نے تاکید کی کہ تمام ڈی پی اوزاپنے اپنے اضلاع میں مساجد، امام بارگاہوں، سمیت اہم عمارتوں و مارکیٹس کی سیکیورٹی صورتحال کوروزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹر کریں جبکہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ اور چیکنگ کاعمل مزید سخت کیاجائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب، دیہاڑی دار اور بے روزگار مزدوروں کی امداد کیلئے ”پولیس ریلیف فنڈ“ کے تحت راشن بیگز کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھاجائے تاکہ مستحق شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ رمضان سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اگر مزید وسائل درکار ہیں تو فوری طور پر سنٹرل پولیس آفس رابطہ کیاجائے، مطلوبہ وسائل کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔ ویڈیو لنک کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی، اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب، فیاض احمد دیو، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب، محمد طاہر رائے اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، زعیم اقبال شیخ بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow