ایس پی سی ڈی شاہنواز سندھیلہ کے اعزاز میں آر پی او کی جانب سے الوداعی تقریب

طارق مجوکہ سے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ریجنل پولیس آفیسرسرگودھا افضال احمد کوثر نے ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی سرگودھا شاہ نواز سندیلہ کو محکمہ پنجاب پولیس سے ریٹائر ہونے پر ان کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی سرگودھا شاہ نواز سندیلہ کو محکمہ پنجاب پولیس سے ریٹائر ہونے پرریجنل پولیس آفیسر سرگودھا افضال احمد کوثر نے ان کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا آر پی او آفس سرگودھا میں انعقاد کیا۔ ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا افضال احمد کوثر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی شاہ نواز سندیلہ محکمہ پولیس میں دلیر، نڈر اور فرض شناس پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔میں نے ان کو محکمہ پولیس میں مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوئے دیکھا ہے۔انہوں نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقہ سے سر انجام دیا ہے اور محکمہ کی نیک نامی میں اضافہ کا باعث بنے ہیں۔محکمہ پنجاب پولیس سے عزت کے ساتھ ریٹائر ہونا بہت بڑی بات ہے۔میری آپ کے لیے دعا ہے کہ آپ جہاں بھی رہیں اللہ تعالیٰ آپ کا مددگار رہے۔ریٹائرمنٹ کے بعد بلکل یہ نہیں سمجھنا کہ اس محکمہ کے ساتھ آپ کا تعلق ختم ہو گیا ہے بلکہ یہ آپ کا اپنا محکمہ ہے اور اس میں آپ کا وقار اور عزت اسی طرح بلند رہے گی جیسے ریٹائرمنٹ سے پہلے تھی۔
ایس پی سی ٹی ڈی شاہ نواز سندیلہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی اس تقریب کا انعقاد میرے لیے باعث فخر ہے۔میں آر پی او سرگودھا افضال احمد کوثر اور دیگر تمام پولیس افسران کاتہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے آج میری عزت افزائی کی ہے۔یہ اللہ تعالیٰ کا فضل اور کرم ہے کہ ہم اس محکمہ کا حصہ ہیں اور ہمیں ہمیشہ مظلوم کو انصاف دلانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ہمیں اپنے کردار میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں بھی جدت لانا ہو گی۔ایس پی شاہ نواز سندیلہ نے مزید بتایا کہ وہ 1980میں پنجاب پولیس میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھرتی ہوئے۔بطور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پاکپتن بھی اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں اور آج ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی سرگودھا کی حیثیت سے محکمہ پنجاب پولیس سے با عزت ریٹائر ہو رہے ہیں۔
ڈی پی او سرگودھا فیصل گلزار اور ایس پی پٹرولنگ تنویر احمد ملک نے بھی شاہ نواز سندیلہ کی محکمہ پنجاب پولیس کے لیے خدمات کے حوالے سے تفصیلی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ میں ان سے کافی کچھ سیکھنے کو ملا۔پنجاب پولیس میں انکا اپنا ایک مقام ہے۔ہم ان کی آنے والی صحت مند اور خوش و خرم زندگی کے لیے دعا گو ہیں۔
تقریب کے آخر میں آر پی او سرگودھا افضال احمد کوثر نے ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی سرگودھا شاہ نواز سندیلہ کی محکمہ پولیس کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ تقریب میں فئیر ویل پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر ایس ایس پی ریجنل انوسٹی گیشن برانچ نجیب الرحمن بگوی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا فیصل گلزار،ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول سرگودھا تنویر احمد ملک،ایس پی انوسٹی گیشن سرگودھا امتیاز احمد،ڈی ایس پی سپیشل برانچ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow