سرگودہا کی خبریں ارشد محمود ارشی سے

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوۃ نے نوٹیفکیشن کے ذریعے تمام بنکوں کو زکوۃ و عشر آرڈیننس 1980؁ء کے تحت یکم رمضان المبارک کو زکوۃ کی کٹوتی کیلئے بنک کھولنے کی ہدایت جاری کی ہے ہفتہ کے روز بنکوں کی تعطیل ہوتی ہے تاہم زکوۃ کٹوتی کیلئے یکم رمضان المبارک کو کھلے رہیں گے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کے مالی حالات انتہائی کمزور ہونے کی وجہ سے سفید پوش طبقہ گھر میں رکھے زیورات فروخت کرنے پر مجبور ہے مگر حکومتی احکامات کی روشنی میں صرافہ مارکیٹ بند ہونے کی وجہ سے دو نمبر لوگ اونے پونے داموں لوگوں سے سونا خرید رہے ہیں جس سے سفید پوش طبقہ کو مجبوری کی حالت میں سستے داموں سونا فروخت کرنا پڑرہا ہے ان خیالات کا اظہار صرافہ ایسوسی ایشن کے راہنما میاں فخر الاسلام نے کیا انہوں کہا کہ اگر کچھ دیر کیلئے صرافہ مارکیٹ بھی کھولنے کی اجازت دی جائے تو جو سفید پوش لوگ اپنی اشیاء فروخت کرنا چاہتے ہیں انہیں لین دین میں آسانی ہوگی میاں فخر الاسلام نے کہا کہ اس وقت لوگوں کے مالی حالات انتہائی کمزور ہوچکے ہیں انہیں بھوک سے بچانے کیلئے حکومت صرافہ ایسوسی ایشن کو بھی ایس او پیز جاری کرے جس کے تحت وہ عمل کرتے ہوئے اپنی دکانوں پر خرید و فروخت کا عمل جاری رکھیں کیونکہ چند بنکوں نے سونے کی خریداری عارضی طور پر معطل کردی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کل بروز ہفتہ رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی یوٹیلٹی سٹورز اور عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کیساتھ ساتھ حکومت نے آٹا‘ چینی اور گھی کیساتھ مختلف اشیاء سستے داموں فراہم کرنے کیلئے دیہی علاقوں کے علاوہ شہر بھر میں موبائل یونٹ مختلف مقامات کھڑے کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں ذرائع کے مطابق آٹا بحران کے وقت مختلف مقامات پر آٹے کے ٹرک کھڑے ہونے سے عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کرنے کیساتھ ساتھ آٹے کی مصنوعی قلت کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملی تھی اب چونکہ رمضان بازار نہیں لگائے جارہے اس لئے موبائل یونٹ اشیائے صرف فروخت کرنے کیلئے متحرک کئے جارہے رہے ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاضلاعی آمدورفت معطل ہونے کی وجہ سے جانوروں کی خریداری میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ان کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں ان حالات میں ہم نے حکومتی اور انتظامیہ کے احکامات کی روشنی میں ان کے مقرر کردہ نرخون پر گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس سے ہمیں نقصان بھی برداشت کرنا پڑرہا ہے ان خیالات کا اظہار جمعیت القریش میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شاہد جاوید‘ جنرل سیکرٹری خرم شہزاد بھٹی نے تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اس وقت جب ملکی معیشت کا پہیہ پوری طرح جام ہے اس کے باوجود ہماری ایسوسی ایشن عوام کو سستے داموں گوشت کی فراہمی میں مصروف ہے انتظامیہ کے افسران سے ہم نے متعدد بار درخواست کی ہے کہ ہمیں اپنا نمائندہ دیکر جانوروں کی خریداری کی اجازت دی جائے اور جانور کی قیمت کے مطابق گوشت پر نفع مقرر کردیا جائے تاکہ ہمیں نقصان بھی نہ ہو اور عوام کو بہتر غذاء مہیا کرنے میں بھی دشواری نہ ہو حاجی شاہد جاوید‘ خرم شہزاد بھٹی نے کہا کہ جس طرح کے حالات چل رہے ہیں ان حالات میں گوشت کی قیمت 600 روپے کلو ہونی چاہیئے اور چھوٹا گوشت 1300 روپے کلو میں فروخت کیا جانا چاہیئے مگر ہم انتظامیہ سے بھرپور تعاون کے حامی ہیں اور ان کے مقرر کردہ نرخوں پر عوام کو گوشت فروخت کررہے ہیں ہم نے جو سفارشات ڈپٹی کمشنر سرگودھا کو دی ہیں وہ اس پر ہمدردانہ غور کریں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی کرنے کیلئے 30 کے لگ بھگ مختلف محکموں کے افسران کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات دیدیئے گئے ہیں ذرائع کے مطابق مجسٹریٹس کو موقع پر جرمانہ‘ مال ضبطگی‘ چالان‘ 72 گھنٹوں تک جیل بھجوانے کے اختیار حاصل ہونگے تمام اسسٹنٹ کمشنرز‘ تحصیلدار‘ ڈپٹی ڈائریکٹرز و ایگزیکٹو افسران کو بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اختیارات سونپے گئے ہیں جو ذخیرہ اندوزوں کیخلاف متحرک ہونگے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے اس مہینہ میں شہری کرونا وائرس سے نجات کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دُعائیں مانگیں حکومت کے شکر گزار ہیں کہ جس نے رمضان المبارک میں نماز کی ادائیگی کی مساجد میں اجازت دی علماء کرام کو بھی چاہیئے کہ وہ حکومت کے ایس او پیز پر عملدرآمد کریں ان خیالات کا اظہار آل پاکستان سمال ٹریڈرز بزنس فورم پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین شاہین احسان مغل نے کیا انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے خصوصاً پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک مشکلات کا شکار ہیں اس وقت کرونا وائرس سے چھوٹے تاجر متاثر ہیں حکومت ایسا لائحہ عمل اختیار کرے کہ لوگوں کے روزگار بھی چلتے رہیں اور عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے شاہین احسان مغل نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری قوم اس وائرس کو آسان لے رہی ہے یہ انتہائی خطرناک ہے اس میں احتیاط لازم ہے ہمیں چاہیئے کہ سماجی فاصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے آپس کے روابط کو قائم رکھیں تاکہ اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے 27 اپریل کو ہڑتال کی کال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے محکمہ خوراک کو معاملات درست کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے ذرائع کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن کو اوپن گندم کی خریداری سے روکنے کا جو سلسلہ شروع کررکھا ہے جس کی وجہ سے آٹے کی پسائی میں فلور ملز ایسوسی ایشن کو مشکلات کا سامنا ہے جس پر فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی دھمکی دی ہے اس دھمکی پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ خوراک کو معاملات درست کرکے فلور ملز ایسوسی ایشن کے تحفظات کو دور کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہڑتال سے بچا جاسکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) 1 کروڑ 70 لاکھ بچوں کے پیٹ میں کیڑوں کی موجودگی پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے اور اس سے اکثر اوقات بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں محکمہ صحت اور عالمی ادارے کی جانب سے پاکستان میں ایک سال سے 15 سال تک کے بچوں میں پیٹ کے کیڑوں کے انکشاف کے بعد حکومت کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کیا انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سیوریج اور پانی کے پائپ الگ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ تمام واٹر سپلائیز میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کی ضرورت ہے اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہیپاٹائٹس اور بچوں کے پیٹ میں کیڑوں کی وجہ سے مختلف قسم کی بیماریاں پروان چڑھیں گی جب قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ پینے کے پانی اور سیوریج کے پائپ الگ کرنے کی ضرورت ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت نے سیاحت کے فروغ کیلئے وادی سون کیلئے آئندہ بجٹ میں 50 کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کی تیاری شروع کردی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وادی سون کو بہترین تفریح گاہ بنانے کیلئے متعدد بار یہاں کا دورہ کیا اور اسے سیاح کیلئے بہترین جگہ قرار دیا وادی سون میں کھبیکھی جھیل‘ کنہٹی باغ‘ اوچھالی جھیل کو بہترین تفریح گاہ بنانے کے علاوہ کھبیکھی جھیل پر سیاحوں کیلئے چیئر لفٹ بھی لگائی جائیگی اس کے علاوہ اس جھیل کے قریب خوبصورت پارک بھی بنایا جائیگا جبکہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے محکمہ ہائی وے سے مفصل رپورٹ طلب کرلی گئی ہے تاکہ سیاحوں کو ان تفریح مقامات پر پہنچنے کیلئے بہترین سفری سہولیات میسر آسکیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا عوام کیساتھ خیانت ہے جس طرح سابقہ حکمرانوں نے اپنی شہ خرچیوں پر قومی وسائل کو بری طرح لوٹا ہے یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی و سینئر راہنما پاکستان تحریک انصاف الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کیا انہوں نے کہا کہ ماضی میں نمائشی منصوبوں پر عوام کا خزانہ بے جا خرچ کیا گیا غلط روایات کے خاتمہ کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقدامات کررہی ہے الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ عوام کے پائی پائی کا حساب دینے کیلئے تیار ہیں کسی کو بھی لوٹمار کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں انشاء اللہ بہت جلد مہنگائی پر قابو پالیا جائیگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ملک بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کرونا وائرس کی وجہ سے عام زندگیوں پر بھی پڑ رہے ہیں کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں جاری لاک ڈاؤن سے فضائی آلودگی میں کمی کیساتھ ساتھ ترقی پذیر ممالک میں صفائی کا نظام بھی قدرے بہتر ہوا ہے صنعتیں‘ کارخانے‘ فیکٹریاں اور بھٹے وغیرہ بند ہونے کیساتھ ساتھ ٹریفک نہ ہونے کی وجہ سے آلودگی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس سے مختلف بیماریوں کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سرگودھا بھی پنجاب کا شہر ہے دیگر شہروں کو اربوں روپے کے فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں یہاں پر سیوریج، صفائی، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں سابقہ دور میں بھی درست نہ ہوسکیں اب بھی صورتحال یہی ہے ان خیالات کا اظہار صدر انجمن تاجران سرگودھا و ایگزیکٹو ممبر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شفیق الرحمن نے کیا انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں بھی سرگودھا کیساتھ سوتیلی ماں کا سلوک رواں رکھا گیا ہے پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت بھی سرگودھا کو نظر انداز کررہی ہے جس سے شہر کے مسائل ہر گزرتے دن کیساتھ کم ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں شفیق الرحمن نے کہا کہ جو بھی وزیر اعلیٰ آتا ہے وہ اپنے علاقوں کو نوازتا شہباز شریف نے تمام فنڈز لاہور پر خرچ کئے عثمان بزدار تمام فنڈ جنوبی پنجاب میں خرچ کررہے ہیں شفیق الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم کا ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہونے کے باوجود سرگودھا بنیادی سہولتوں سے محروم ہے حکومت اور ارکان اسمبلی اس طرف توجہ دیں اور شہری مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت کی جانب سے تمام مساجد کے علمائے کرام اور آئمہ کرام سے کہا گیا ہے کہ وہ رمضان المبارک میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کرونا وائرس جیسی موذی مرض سے نمازی اور ان کے اہلخانہ محفوظ رہ سکیں حکومت کی جانب سے تمام مساجد کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ اگر کسی مسجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہوا تو ان کی مساجد کو بند کردیا جائیگا اس کی ذمہ داری مساجد انتظامیہ پر ہوگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرپشن مہم میں عوام وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ہر اول دستہ ثابت ہونگے کیونکہ عمران خان نظریئے کا نام ہے اور اب ملک میں کرپشن کی گنجائش نہیں ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے صدر راجہ عبدالوہاب نے کیا انہوں نے کہا کہ کرپشن اور کرپٹ مافیا دونوں ہی ملک و قوم کے دشمن ہیں اب قوم کو کرپٹ لوگوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دینا ہوگا راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ اب ملک میں وہی لوگ سیاست کرینگے جو سیاست کو عبادت سمجھیں گے سیاست کو کاروبار بنانے والے اب پاکستان میں سیاست نہیں کرسکیں گے راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لارہی ہے جس کا نتیجہ بہت جلد عوام کے سامنے ہوگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت نے صوبہ بھر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے عوام کو بہتر سہولتوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تین سال سے ایک ہی سیٹ پر تعینات افسران و ملازمین کو ہٹانے کیلئے فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ذرائع کے مطابق حالیہ مہنگائی کی صورتحال اور بڑھتی ہوئی عوامی شکایات کے پیش نظر حکومت نے تین سال سے ایک ہی شہر میں تعینات افسران اور عملہ کو فوری ہٹانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حلقہ این اے 88 پر برسر اقتدار لوگ عوامی خدمت میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں ان کے پاس عوامی خدمت کا کوئی ایجنڈا نہیں برسر اقتدار لوگ عوام کا سامنا کرنے سے کترا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ حلقہ میں کوئی ایسا کام نہیں ہورہا جس کا فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہو ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار حلقہ این اے 88 راؤ طاہر مشرف نے کیا انہوں نے کہا کہ مگر اب ان کا سیاسی مستقبل نواز شریف کی طرح ختم ہونیوالا ہے عوام چاہتے ہیں کہ حلقہ میں وہ لوگ آئیں جو عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہوں یہی جذبہ لیکر میدان سیاست میں ہیں راؤ طاہر مشرف خان نے کہا کہ عوامی خدمت ہی میری زندگی کا مشن ہے جس کیلئے میں دن رات محنت کررہا ہوں عوام کی جانب سے ملنے والی محبت کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت کا غیر قانونی اور مصنوعی بال لگانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن متعلقہ اداروں کو ایسے کلینکس فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو غیر قانونی طور پر مصنوعی بالوں کی ٹرانسپلانٹیشن کرتے ہیں اور مصنوعی بال لگاتے ہیں اس کے عوض لوگوں سے بھاری رقوم وصول کرتے ہیں ان میں اکثر ایسے کلینکس ہیں جو متعلقہ اداروں سے رجسٹرڈ نہ ہیں ان کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ٹیکس گزار کے علاوہ کسی بھی شخص کو کسی سرکاری سطح پر قائم ہونیوالی کمیٹیوں میں شامل نہ کیا جائے امن کمیٹی ہو یا پرائس کنٹرول کمیٹی یا اسی طرح کی حکومتی سطح پر قائم ہونیوالی کمیٹیوں میں صرف اور صرف ٹیکس گزار شخص کو ہی ممبر بنایا جائے ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کے راہنما عثمان عتیق نے کیا انہوں نے کہا کہ اسی طرح تاجر تنظیموں کے عہدیداران بھی صرف اور صرف ٹیکس گزار ہونے چاہئیں تاکہ ٹیکس میں اضافہ ہو اور حکومت کو بھی پتہ ہو کہ اس تنظیم اور کمیٹی کا کون عہدیدار یا ممبر ہے عثمان عتیق نے کہا کہ بدقسمتی سے سرکاری سطح پر قائم ہونیوالی کمیٹیوں میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو ٹیکس گزار بھی نہیں ہیں اور انہیں اعلیٰ کمیٹیوں میں شامل کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے خرابیاں پیدا ہوتی ہیں عثمان عتیق نے کہا کہ ٹیکس گزار عہدیدار بنانے کے فیصلے سے ٹیکس میں اضافہ ہوگا اور کمیٹی میں اچھے لوگ شامل ہونگے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ملک بھر میں بلدیاتی اداروں کو کوڑا کرکٹ اور گٹروں کی صفائی کیلئے جدید مشینری فراہم کرنے کیلئے وزارت بلدیات نے وفاقی حکومت سے 5 ارب روپے کے فنڈز دینے کی استدعا کی ہے مختلف شہروں میں صحت و صفائی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر نئی جدید گاڑیوں کی خریداری کیلئے وزارت بلدیات پنجاب نے وفاقی حکومت سے 5 ارب روپے کے فنڈز کی استدعا کی ہے تاکہ جدید مشینری کے ذریعے صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow