میانوالی پولیس نے ڈاکٹر کا اندھا قتل ٹریس کرلیا دو سگے بھائی گرفتار

سرگودھا ریجن پولیس نے سرجن ڈاکٹر آفتاب احمد کے اندھا قتل کو ٹریس کر کے2سگے بھائیوں سمیت پانچوں ملزمان کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا۔زرائع کے مطابق سرگودھا ریجن کے ڈی پی او میانوالی حسن اسد علوی نے ڈاکٹر کے اندھے قتل کیس کو ٹریس کر کے دونوں بھائیوں سمیت ملزمان کی گرفتاری کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 25 روز قبل 30 مارچ2020 کی رات سرجن ڈاکٹر آفتاب احمد کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔اس اندھے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن رانا محمد ارشد زاہد،ڈی ایس پی صدر سرکل چوہدری شبریز گجرکی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی عمران یعقوب اورانچارج عبدالغفارہیڈکانسٹیبلIT برانچ پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اندھے قتل کو ٹریس کرلیا۔وقوعہ کے روز مدعی مقدمہ مطیع اللہ خان نے تھانہ سٹی میں دو کس نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کے خلاف اپنے بہنوئی سرجن ڈاکٹر آفتاب احمد خان کو قتل کا مقدمہ درج کروایا تو دوران تفتیش پولیس کو معلوم ہوا کہ مقتول ڈاکٹر آفتاب احمد کا اپنے بھائی ڈاکٹر شیراز کے ساتھ کافی عرصہ سے مختلف معاملات اور جائیداد کے حوالہ سے اختلاف تھا۔اسی وجہ سے ڈاکٹر شیراز نے اپنے بھائی ڈاکٹر شفقت اور اپنے قابل اعتماد ساتھی خان محمد کی مدد سے ڈاکٹر آفتاب کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ جس پر خان محمد نے اپنے سابقہ کلاس فیلو شیر محمد اور پھوپھی زاد بھائی عاصم خان کو رقم اڑھائی لاکھ کے عوض واردات پر آمادہ کیا۔دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ29 مارچ2020 کو اپنے مقصد کے حصول کے لیے بذریعہ موٹرسائیکل میانوالی آئے لیکن موقع نہ مل سکا اور 30 مارچ 2020 کو دوبارہ میانوالی آئے اور ڈاکٹر شفقت کی مخبری پر گلی میں جا کر کاربین 12 بور سے ڈاکٹر آفتاب کو قتل کر کے فرار ہو گئے۔ملزمان نے انکشاف کیا کہ ڈاکٹر شفقت،خان محمد اور ڈاکٹر شیراز نے قتل کرنے کی رقم اڑھائی لاکھ روپے گھر پر ہمارے حوالے کی۔دونوں ملزمان کو بعداز شناخت پریڈ ریمانڈ جسمانی حاصل کیا گیا اور ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ کاربین 12 بور، ایک عدد پسٹل 30 بور، موٹرسائیکل اور رقم مبلغ اڑھائی لاکھ روپے برآمد کر لی گئی جبکہ دیگر تین کس ملزمان سے موبائل وغیرہ بھی برآمد ہوچکے ہیں۔ڈی پی او میانوالی نے کہا کہ اپنے پولیس افسران و جوانوں پر فخر ہے۔جرائم پیشہ افراد جتنے بھی ہوشیار بننے کی کوشش کریں گے وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور اس واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری سے ثابت ہوا کہ پولیس کی نظر سے ایسے لوگ چھپ نہیں سکتے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow