پی آئی اے کو امریکہ کی براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: قومی ائر لائن (پی آئی اے) کو تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکہ کی براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی۔ امریکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے پی آئی اے کو اجازت دینے کا مراسلہ جاری کر دیا۔ جس کے مطابق پی آئی اے ایک ماہ کے دوران ایک درجن پروازیں چلا سکتا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق براہ راست پروازوں کی اجازت ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری، حکومتی پالیسی اور پی آئی اے کے سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی طور پر امریکہ پروازیں چلانے اور وہاں پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد واپس لانے کیلئے اقدامات کیے۔ یو این این کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ائر مارشل ارشد ملک نے اس ضمن میں خصوصی طور پر وزیر اعظم پاکستان، وزیر ہوابازی اور وزارت خارجہ کے تعاون اور کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے امریکہ کی ریلیف پروازیں چلائے گا جہاں ہزاروں پاکستانی پی آئی اے کے منتظر ہیں۔ پی آئی اے ان میتوں کو بھی بلا کسی معاوضے کے واپس لے کر آئے گا جو دیار غیر میں چل بسے ہیں۔ ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے ایک قومی ادارہ ہے اور قومی ادارے مصیبت کے وقت میں خاندان کے فرد کی مانند پاکستان کی خدمت میں پیچھے نہیں ہٹتے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے نے کبھی براہ راست امریکہ کے لیے پروازیں نہیں چلائیں بلکہ پی آئی اے کا امریکہ آپریشن براہ راست پروازوں کی اجازت نہ ہونے کے باعث یورپ یا برطانیہ کے ائرپورٹس سے سیکیورٹی کلئیر ہو کر جاتی تھیں۔ سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے امریکہ آپریشن کے لیے گزشتہ ہفتے باضابطہ درخواست دی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow