کمشنر سرگودھا ریجن نے میانوالی کی 1225 سکیموں کا جائزہ لیا

سرگودہا : کمشنر سرگودہا ڈاکٹر فرح مسعود نے وزیر اعظم پیکج کے تحت ضلع میانوالی کی 1225سکیموں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا ۔ ان سکیموں میں محکمہ تعلیم کی 1126،ہیلتھ کی 5،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی 53اور روڈ سیکٹر 41سکیمیں شامل ہیں۔ ان پر لاگت کا تخمینہ 9ارب نوے کروڑ روپے لگایا گیا ہے جس میں سے پانچ ارب 80کروڑ روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔ ان سکیموں پر اب تک دو ارب 72کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ کمشنر نے ایس ای بلڈنگ کی ناقص کارکردگی پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے اسے اپنا ہیڈ کوارٹر میانوالی منتقل کرنے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ان سکیموں کو وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔میانوالی وزیر اعظم پیکج کے ترقیاتی منصوبوںکا جائزہ لینے کیلئے انہوںنے اپنے کانفرنس روم میں ایک اجلا س کی صدارت کی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میانوالی عمر شیر چٹھہ ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شکیل نعمان،ایس ای بلڈنگ روالپنڈی زون ،ایس ای پبلک ہیلتھ اور ایس ای ہائی ویز کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر میانوالی عمر شیر چٹھہ نے بتایا کہ لاک ڈاﺅن میں کنسٹرکشن سیکٹر پر سے پابندی اٹھنے کے باوجود بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی صفر ہے جس پر کمشنر نے محکمہ تعمیرات کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ۔تمام سٹاف اور افسران میانوالی ضلع نہ چھوڑیں ورنہ ان کے خلاف پیڈا ایکٹ استعمال کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سکول ایجوکیشن کے دو ارب 22کروڑ کے فنڈز میں سے ابتک صرف 75کروڑ روپے استعمال کئے گئے ہیں جو جاری فنڈز کا صر ف 34فیصد ہے جبکہ محکمہ تعمیرات نے ہیلتھ سیکٹر کیلئے جاری ہونے والے 27کروڑ 28میں سے صرف 8کروڑ 60لاکھ خرچ کئے ہیں۔ جو باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے 83کروڑ 33لاکھ میں سے 36کروڑ 45لاکھ خرچ کر لئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ روڈ سیکٹر کے دو ارب 47کروڑ 50لاکھ میں سے ایک ارب 52کروڑ سے زائد استعمال کئے جا چکے ہیں۔ کمشنر نے تمام قومی تعمیرات کے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی تعمیر پر توجہ دیں اور انہیں معینہ مدت کے اندر مکمل کریں۔ انہوںنے سکیموںپر کام کی رفتار بہتر بنانے اور جائزہ لینے کیلئے ہفتہ میں دو بار اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کر دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow