نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس تجارتی مراکز صبح 09 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی تجاویز منظور

سرگودھا / اسلام آباد ( آن لائن )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ، ملک بھر میں تجارتی مراکز صبح 9 سے شام 5 بجے اور رات 8 سے 10 بجے تک کھولنے کی تجاویز منظور کر لی گئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کےاجلاس میں لاک ڈاون میں نرمی اور آئندہ کی حکمت عملی بالخصوص 9 مئی کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔این سی او سی میں پیش کی گئی سفارشات کی روشنی میں لاک ڈاون میں نرمی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کھولنے ، تجارتی مراکز کو شام 5 کے بعد 8 تک بند اور رات 8 سے 10 بجے تک کھولے جانے کی تجاویز منظور کی گئیں۔ اس کے علاوہ تعمیراتی صنعت کی سہولیات میں اضافے کی تجویز اور اسلام آباد کے ہسپتالوں میں مخصوص او پی ڈیز کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اسلام آباد انتظامیہ کو کورونا وائرس کے حوالے سے فلاحی سرگرمیوں میں رورل سپورٹ پروگرام میں رضاکاروں کو شامل کرنے اور وزیر اعظم ٹاسک فورس کی مدد سے تمام یونین کونسلوں تک رسائی ممکن بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مزید 1049 مریض سامنے آئے ہیں جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 526 تک پہنچ گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 10 ہزار 178 ٹیسٹ کئے گئے جب کہ ایک ہزار 49 افراد میں اس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 550 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 217 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8420 ہے، سندھ میں 8189، خیبرپختونخوا میں 3499، بلوچستان میں 1495، گلگت بلتستان میں 386 اور آزاد کشمیر 76 میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ہوگئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow