رمضان المبارک کے آخری ہفتے میں عوام الناس کو تحفظ فراھم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے

لاہور : انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عوام کی جان و مال اور مذہبی عبادت گاہوں کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر اقدامات کئے جائیں جبکہ یوم حضرت علی ؓ کے ماتمی جلوسوں اور مجالس کی اجازے کے حوالے سے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد کیلئے بھرپور تیاری رکھی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں کورونا سے متاثرہ پولیس اہلکاروں کو ویلفیئر فنڈ سے فی کس 25ہزار روپے دئیے جائیں جبکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم رکھنے کیلئے پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی سماجی فاصلوں، ہینڈ سینیٹائرز سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر پابندی کو سختی سے یقینی بنائیں۔ یو این این کے مطابق انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظردوکانوں اور مارکیٹوں پر عائد پابندی اور ٹائم ٹیبل کی پاسداری سے سختی سے عمل درآمد کروایا جائے اوردوکانوں کے شٹر گرا کر چوری چھپے کاروبار کرنے والے قانون شکن عناصر کے خلاف قانونی کاروائی میں دیر نہ کی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مشکل کے اس وقت میں اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزری کرکے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرنے والے معاشرتی ناسور کسی رعائیت کے مستحق نہیں ایسے سفاک ملزمان کے خلاف بلا امتیاز ترجیحی بنیادوں پر پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ریجنل اور ضلعی پولیس افسران اپنے اضلا ع میں حساس مساجد، امام بارگاہوں سمیت دیگرمقامات کی سیکیورٹی انتظامات کی انسپکشن جاری رکھیں اور دوران انسپکشن اس بات کو بطور خاص مد نظر رکھا جائے کہ کسی دینی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی پر بوڑھے، لاغر یا بیمار سیکیورٹی گارڈ تعینات نہ ہوں جبکہ سرچ کا عمل والنٹئیرز سے کروایا جائے اور پولیس اہلکار ہائی الرٹ ہو کرسیکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں۔ یو این این کے مطابق انہوں نے کہاکہ جن تھانوں کی ذاتی عمارات موجود نہیں ایسے تھانوں کیلئے زمین کی نشاندہی کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیاجائے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے زمین کی نشاندہی اور حصول کے عمل کو موثر کوارڈی نیشن سے بروقت مکمل کیاجائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بینکوں، شاپنگ سنٹرز اورمارکیٹوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے اور حساس مقامات و عوامی مراکزکے گردونواح میں پٹرولنگ فورسز کے گشت کے دورانئے کو مزید بڑھانے کے ساتھ ساتھ سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی اوز، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ دوران کانفرنس صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، کورونا لاک ڈاؤن سمیت پیشہ ورانہ امور سے متعلق دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یو این این کے مطابق اجلاس کے دوران تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے پیشہ ورانہ امور اور درپیش چیلنجزکے متعلق آئی جی پنجاب کوبریفنگ دی جس پرآئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ مشکل کے اس وقت میں پولیس اہلکار قرنطینہ سنٹرز پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی رمضان سیکیورٹی ڈیوٹی بھی جاری ہے عالمگیر وبا کے اس وقت میں پوری فورس قومی خدمت اور ملی جذبوں سے سرشار ہوکر اپنے فرائض ادا کرتی رہے کیونکہ یہی ہمارا بنیادی فرض اور نصب العین ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا لاک ڈاؤن سے متعلق حکومتی احکامات پر عمل درآمد کیلئے مارکیٹوں اور شاپنگ سنٹرز کی سیکیورٹی کیلئے اضافی دستے تعینات کئے جائیں جبکہ رمضان سیکیورٹی اور لاک ڈاؤن ڈیوٹی کے دوران بھی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو جاری رکھتے ہوئے انسدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ بابرکت مہینے کے آخری عشرے کے دوران صوبے کی تمام اہم شاہراؤں پر ٹریفک مینجمنٹ کے مسائل پر قابو پانے کیلئے بالخصوص افطار کے وقت اضافی فورس تعینات کی جائے اور ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو ہرگز متاثر نہ ہونے دیاجائے۔انہوں نے تاکید کی کہ سنٹرل پولیس آفس سے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کو سختی سے یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی سستی یا کاہلی کے مرتکب افسران وا ہلکار خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔ یو این این کے مطابق انہوں نے مزیدکہاکہ فیلڈ ڈیوٹی کا جائزہ لینے کے لئے سرپرائز وزٹس کے سلسلے کوجاری رکھاجائے اور سینئر افسران قرنطینہ سنٹرز اور لاک ڈاؤن ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں کے ساتھ ناکوں پر روزے افطار کرکے انکی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کو موجودہ حالات میں ڈیوٹی کی حساسیت کے متعلق مفصل بریفنگ دیں تاکہ وہ اپنے فرائض بطریق احسن سر انجام دے سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کیلئے بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر چیکنگ اور نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جائے اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اگر کسی ضلع کو وسائل کے حوالے سے کوئی مدد درکار ہے تو فوری طور پر سنٹرل پولیس آفس کی آپریشنز برانچ کو مطلع کیا جائے تاکہ انکی فی الفورفراہمی کو کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے۔ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس طارق مسعود یٰسین، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن فیاض احمد دیو، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ اور ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
Unn

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow