گندم خریداری ٹارگٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کمشنر سرگودہا فرح مسعود

سرگودہا(07 مئی 2020)کمشنر سرگودہاڈاکٹر فرح مسعود نے گندم خریداری مہم میں اب تک کی ناقص کارکردگی پر چاروں اضلاع کے فوکل پرسنز اے ڈی سی آرز کو آخری وارننگ دی ہے۔ انہوںنے چاروں فوکل پرسن کو اپنے ٹارگٹ کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بری کارکردگی کے حامل اے ڈی سی آرز کی نہ صرف جواب طلبی ہو گی بلکہ اعلی حکام کو بھی آگاہ کیا جائیگا۔ وہ اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں گندم خریداری مہم کے روزانہ کی بنیاد پر منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرہی تھیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی ،ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ ،عمر شیر چٹھہ ،سید موسی رضا،چاروں اضلاع کے اے ڈی سی آر ز ،ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک ارشد وٹو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ہاشم رضانے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ گندم کی خریداری کیلئے سو فیصد اہداف حاصل کرنے کیلئے ہر حد تک جایا جائیگا۔اس ضمن میں غفلت کے مرتکب ریونیو اور محکمہ خوراک کے افسران کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے خریداری مہم میں تعاون نہ کرنے والے نمبر داروں کی گرانٹس سمیت تمام سہولیات واپس لینے کی ہدایت کی جبکہ پٹواریوں سمیت ریونیو افسران کو فیلڈ میں متحرک ہونے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوںنے کہا کہ ڈویژن بھر میں ژالہ باری سے صرف پانچ فیصد گندم کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے 95فیصد گندم ٹھیک اور اس عذر کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ بعض متاثرہ علاقوں میں تھریشنگ لیٹ ہورہی ہیں لیکن بیشتر علاقوں میں تھریشنگ جاری ہے اور یہ ریونیو افسر کا فرض ہے کہ وہ کاشتکا ر کو مراکز خرید تک لے کر آئے ۔ کمشنر نے چاروں اضلاع میں اگلے پندرہ دنوں میں تمام اہداف کو حاصل کرنے کی ہدایا ت بھی جاری کیں۔ انہوںنے ضلع بھکر میں گندم کی سمگلنگ کی بعض رپورٹس کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے ا ے ڈ ی سی آر کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے بتایا کہ سرگودہا میں 31فیصد تھریشنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ 28فیصد سے زائد گندم خریداری کی جا چکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ نے بتایا کہ میانوالی میں 74فیصد باردانہ کاشتکاروں کو جاری کیا جا چکا ہے 45فیصد تھریشنگ مکمل ہو گئی ہے جبکہ مقرر کردہ ہدف کا 24فیصد حاصل کر لیا گیا ۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ 15مئی تک پچاس فیصد ٹارگٹ کو حاصل کر لیا جائیگا۔ ضلع خوشاب کے بارے میں بتایا گیا کہ کاشتکاروں کو 51فیصد باردانہ جاری ،کل کٹائی کا 25فیصد تھریشنگ اور 12 فیصد خریداری ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ چاروں اضلاع میں اب تک 65ہزار 850میٹرک ٹن گندم خرید کر بیس فیصد ٹارگٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ کمشنر نے محکمہ زراعت سے چاروں اضلاع میں ابتک گندم کی کٹائی اور تھریشنگ کی فصل رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow