اجازت سے زیادہ گندم ذخیرہ کرنے والے کسانوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں ڈپٹی کمشنر سرگودہا

سرگودہا(07 مئی 2020)ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے اسسٹنٹ کمشنروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر گندم کے خریداری کے اہداف مکمل کریں او رپٹواریوں اور نمبرداروںکو ذمہ دار ٹھہرایا جائے ۔اہداف میں تعاون نہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔نمبر دار وں کے عدم تعاون پر ان کی دی جانے والی سہولیات روکی جائیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گندم خریداری کے ضمن میں اسسٹنٹ کمشنروں کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میثم عباس ‘ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سفیان آصف اعوان او رتمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنروں کو گندم خریداری کیلئے ٹائیگرفورس کے رضاکاروں کی خدمات بھی استعمال کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہاکہ اپنی تحصیلوں کے گندم کے زیر کاشت رقبہ اور اس کی پیداوار کاریکارڈ رکھاجائے ۔کسانوں کو جاری باردانہ اور اس کی واپسی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ فلورملوں کے خفیہ گوداموں کا کھوج لگایا جائے اور اجازت سے زیادہ ذخیرہ کو قبضہ میں لیاجائے ۔انہوں نے گندم کی فروخت میں کوتاہی کرنے والے کسانوں کےخلاف ایف آئی آر درج کروانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی خریداری صرف محکمہ خوراک کر سکتی ہے اس کے علاوہ کسی کو خرید کی اجازت نہیں ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں پر واضح کیاکہ آئندہ دس یوم میںہدف کو مکمل کرنا ان کی ذمہ داری ہے ورنہ انہیں سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے ضلع کے داخلی راستوں کی چیک پوسٹوں کا رات کے اوقات میں خود معائنہ کرنے کی ہدایت کی جبکہ ان چیک پوسٹوں کی خفیہ نگرانی کروانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں نے اپنے اہداف ‘ باردانہ کااجراء‘ اب تک خرید کی گئی گندم اور تھریشنگ وہارویسٹنگ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
٭٭٭٭٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow