سرگودہا کی خبریں ارشد محمود ارشی سے

سرگودھا (بیورو رپورٹ) مجاہد کالونی میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کا سلسلہ شروع کردیا ہے سیوریج اور گندے پانی کی وجہ سے بدبو اور تعفن کے باعث مچھروں کی وجہ سے ملیریا اور ہیپاٹائٹس کے امراض پھیلنے لگے ہیں مجاہد کالونی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار میونسپل کارپوریشن کو متعدد بار درخواستیں دیں مگر ہماری شنوائی نہ ہوئی جس کی وجہ سے ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) لاک ڈاؤن کے مسئلہ پر سرگودھا کے تاجر تذبذب کا شکار رہے ایک طرف تو حکومت نے ہفتہ اور اتوار کو دو دن کیلئے لاک ڈاؤن کرنے کیساتھ تمام کاروباری مراکز بند رکھنے کا کہا ہے سوائے اُس کاروبار کے جو عام دنوں میں بھی کھلے ہیں ان خیالات کا اظہار کوآرڈی نیٹر امین بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن میاں فخر الاسلام، صدر خواجہ عامر حنیف، نائب صدر رانا محمد زبیر، جنرل سیکرٹری طارق نمبردار، خواجہ شاہد محمود، محمد آصف، محمد راشد ایڈووکیٹ، سہیل زکریا، زاہد وائیں اور دیگر ممبران نے کیا انہوں نے کہا کہ باقی کاروبار بند رکھنے کا کہا گیا ساتھ ہی حکومت کی جانب سے ہفتہ کے روز لاک ڈاؤن میں نرمی کا کہا گیا جس پر تاجر تذبذب کا شکار رہے اور نماز فجر کے بعد ہفتہ کے روز کاروبار نہ کھل سکے اِکا دوکا دوکانیں کھلی تھیں تاہم وہ بھی لاک ڈاؤن کے خوف سے آدھا شٹر کھول کر بیٹھے تھے تاکہ پولیس کاروائی نہ کرسکے لاک ڈاؤن نرم کرنے کا فیصلہ آدھا تیتر اور آدھا بٹیر ہے حکومت اس بارے واضح ہدایات جاری کرے میاں فخر الاسلام نے کہا کہ بڑے پلازے اور شاپنگ مالز بند رکھنے اور چھوٹی دکانیں کھولنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے شاپنگ مالز میں بھی دکاندار ہیں اگر انکی دکانیں بند رہیں گی تو پھر یہ لاک ڈاؤن کا کوئی فائدہ نہیں اس سے تاجروں اور حکومت کے درمیان فاصلے بڑھیں گے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرگودھا اور گردو نواح میں بارشوں کے بعد سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کردیں گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی گزشتہ رات ہلکی بوندا باندی بھی سورج کو آنکھیں دکھانے سے نہ روک سکی گزشتہ رات مختلف مقامات پر ہلکی بوندا باندی اور ٹھنڈی ہواء سے رات کے اوقات میں قدرے موسم بہتر ہوا تاہم دن کے اوقات میں سورج آب و تاب کیساتھ آنکھیں دکھاتا رہا جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں قدرے اضافہ دیکھنے میں آیا محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے تاکہ مختلف مقامات پر گرج چمک کیساتھ تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) راء‘ موسادکا گٹھ جوڑ پاکستان میں دہشتگردی کو پروان چڑھا کر دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹانے کیلئے ہے مگر پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے وطن عزیز پر آنچ نہیں آنے دینگے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقہ بلیدہ میں دہشتگردوں کی طرف سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے پاک فوج کے شہید میجر ندیم عباس‘ نائیک جمشید‘ نائس نائیک تیمور‘ لانس نائیک خضر حیات‘ سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم نے جام شہادت نوش کرکے ثابت کردیا ہے کہ وطن عزیز کیلئے پاک فوج بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ان خیالات کا اظہار آل پاکستان سمال ٹریڈرز بزنس فورم پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین شاہین احسان مغل نے کیا انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل گٹھ جوڑ کشمیر سے توجہ ہٹانے اور سی پیک کو سوتاژ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہا مگر پاک فوج نے بھی تہیہ کرلیا ہے کہ ان کی ہر سازش کو ناکام بنائینگے شاہین احسان مغل نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان فوری طور پر پاکستانیوں کے قاتل کلبھوشن کو سرعام پھانسی دے اور دنیا پر واضح کرے کہ پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی جگہ نہیں ان کا انجام کلبھوشن جیسا ہوگا یہ وقت کلبھوشن کو تختہ دار پر لٹکانے کا ہے اگر یہ وقت ضائع کردیا گیا تو دہشتگردوں کے حوصلے بڑھیں گے ان کے حوصلے پست کرنے کیلئے کلبھوشن کو پھانسی دینا بہت ضروری ہے شاہین احسان مغل نے کہا کہ کلبھوشن کو پھانسی نہ دی گئی تو آنیوالی تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کریگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی گھروں اور گاڑیوں میں ایئر کنڈیشن کا استعمال شروع ہوتے ہی ڈاکٹروں نے اسے کرونا وائرس پھیلنے کا موجب قرار دیتے ہوئے اس کے استعمال سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے ڈاکٹرز کے مطابق گاڑیوں اور گھروں میں اے سی چلانے کیلئے دروازے کھڑکیاں بند کرنا پڑتی ہیں جس سے لوگوں کی سانسیں اندر ہی ایکدوسرے میں منتقل ہوتی ہیں جس سے کرونا وائرس پھیل سکتا ہے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں کھڑکیاں دروازے ہر صورت کھلے رکھے جائیں اور پنکھوں کا استعمال کیا جائے تاکہ کرونا جیسے موذی مرض سے محفوظ رہا جاسکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) دنیا بھر کی طرح سرگودھا میں بھی یتیم بچوں کا عالمی دن منایا گیا اس دن کی مناسبت سے سرگودھا کے نواحی علاقہ بھلوال میں بھی یتیم بچوں کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام بھلوال ویلفیئر سوسائٹی نے کیا تھا اس موقع پر سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے یتیم بچوں میں تحائف تقسیم کرنے کیساتھ ساتھ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کے سر پر دست شفقت رکھنا بہت بڑا اجر ہے یتیم کے حوالہ سے نبی پاکؐ کے پاس ایک شخص اور کہا کہ میرا بچہ نہیں مل رہا آپ دُعاء کیجئے اسی اثناء میں ایک صحابی نے بتایا کہ آپ کا بچہ باغ میں لڑکوں کیساتھ کھیل رہا وہ صحابی خوشی سے اٹھ کر بھاگنے لگا تو آپؐ نے اسے آواز دی اور کہا کہ باغ میں جب تم پہنچو تو بیٹا کہہ کر آواز مت دینا بلکہ اسے اُس کے نام سے پکارنا صحابی نے کہا یا رسول اللہؐ وہ میرا بیٹا ہے اُسے نام سے پکارنے کی بات سمجھ نہیں ہے تو آپؐ نے فرمایا کہ وہاں پر ہوسکتا ہے کہ کوئی یتیم بچہ بھی ہو اور آپ کی شفقت دیکھ کر اسے اپنا والد یاد آئے اور اس کا دل دکھے اس لئے نام لیکر پکارنا ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ نبی پاکؐ نے خود یتیمی کی زندگی بسر کی ہے اور انہیں معلوم ہے کہ یتیمی کتنا بڑا دکھ ہے یہی وجہ ہے کہ آپؐ نے فرمایا جس نے شفقت کی نگاہ سے کسی یتیم کے سر پر ہاتھ رکھا اُس یتیم بچے کے جتنے بال اُس شخص کے ہاتھ کے نیچے آئیں گے اس کے اتنے گناہ معاف کردیئے جائینگے اس لئے یتیموں کے معاملے پر ہم سب کو اچھا رویہ اپنانا چاہیئے ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں یتیم کا مال ہڑپ کرنا سب سے آسان سمجھا جاتا ہے اور یتیموں کو ان کے حق سے محروم کرنا معمول بن گیا ہے جس کی وجہ سے یتیم بچے فلاحی اداروں میں پناہ لینے پر مجبور ہوتے ہیں ہمیں اپنے رویئے بدلنا ہونگے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی برقرار رہے گی شہریوں کا کہنا ہے کہ عام ٹرانسپورٹ اور چنگ چی رکشاؤں میں سفر کرنے سے کرونا وائرس بڑھنے کے امکانات زیادہ ہیں البتہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر سفر کرنے سے کرونا وائرس بڑھنے کے امکانات کم ہیں اس لئے حکومت لاک ڈاؤن میں نرمی کیساتھ ساتھ فوری طور پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سے پابندی کا فیصلہ واپس لے تاکہ لوگ لاک ڈاؤن کے دوران موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کرکے خرید و فروخت کرسکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت نے تاجروں کے تحفظات کو مد نظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کردی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے روزگار میں اضافہ ہوگا اب ضرورت ہے کہ شہری اور تاجر حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی و سینئر راہنما پاکستان تحریک انصاف الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کیا انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی ضروری تھی اگر ایسا نہ کیا جاتا تو پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ اس وقت مقامی طور پر کرونا کو روکنے کیلئے بلا ضرورت بازاروں میں جانے سے اجتناب کیا جائے اور سماجی فاصلے کیساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرکے ہی کرونا سے بچا جاسکتا ہے الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ عید کی خریداری کے پیش نظر لوگوں کا بے پناہ رش ہونے کی توقع ہے اگر ایسا ہوا تو اس سے کرونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ہے جسے روکنے کیلئے ہر شہری ذمہ داری کا احساس کرے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ضلعی انتظامیہ کی تمام تر توجہ کرونا وائرس سے بچاؤ پر مرکوز ہے جس کی وجہ سے دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں کرونا وائرس پر حکومتی توجہ ہونے کا فائدہ مختلف اداروں کے اہلکار اور عوام اٹھا رہے ہیں شہر بھر میں صفائی کا نظام درہم برہم ہے کھلے محکموں میں عوامی شکایات کا ازالہ نہیں ہورہا اسی طرح سیلاب اور موسمی تبدیلی کے باعث مچھروں سے ڈینگی اور ملیریا پھیلنے کا بھی اندیشہ بڑھ رہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے انتظامیہ کے اقدامات قابل تعریف ہیں اس کیساتھ دیگر مسائل پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت نے عوامی توقعات اور غریبوں کی مالی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے اگر عوام نے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد نہ کیا تو دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف حکومت کو جانا پڑیگا جو اس لاک ڈاؤن سے سخت ترین ہوگا ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے صدر راجہ عبدالوہاب نے کیا انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت جس نہج پر ہے اور عوام کو جن مشکلات کا سامنا ہے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے عمران خان نے عوامی مفاد میں فیصلہ کیا ہے مگر عوام سے یہ توقع کرنا کہ وہ لاک ڈاؤن کی پاسداری کرینگے خواب دیکھنے کے مترادف ہے اس قوم کو ڈسپلن میں لانا مشکل ہے راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ اس وقت اگر یہ فیصلہ نہ کیا جاتا تو یہ عوام کیلئے بھی خطرناک تھا اگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو یہ عوام کیلئے مزید خطرناک ثابت ہوگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) دنیا بھر کے مختلف ممالک میں کرونا وائرس کی وجہ سے مقیم پاکستانی مختلف مسائل کیساتھ ساتھ مالی مشکلات سے بھی دو چار ہورہے ہیں حکومت پاکستان ہر مسئلہ پر اوور سیز پاکستانی سے امداد مانگتی ہے ان حالات میں حکومت کا بھی فرض ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کی مدد کرے تاکہ وہ پردیس میں اپنے روز مرہ معمولات کو بہتر انداز میں بسر کرسکیں اوور سیز پاکستانیوں کی مختلف سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے سے پتہ چل رہا ہے کہ مختلف ممالک میں اوور سیز پاکستانی مشکلات کا شکار ہیں حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستانیوں کی مدد کرے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سوشل میڈیا پر صدر پاکستان عارف علوی اور دیگر افراد کا جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہونا ریاست مدینہ کی کھلم کھلا نفی ہے جس منصب پر عارف علوی فائز ہیں انہیں یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہوں کیا ایسے شخص کا پاکستان کا صدر ہونا سوالیہ نشان ہے انہوں نے جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہوکر کس کی ترجمانی کی ہے قوم کو جواب چاہیئے علماء کرام کی اس مسئلہ پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار حلقہ این اے 88 راؤ طاہر مشرف نے کیا انہوں نے کہا کہ عارف علوی جیسے شخص سے یہ توقع نہ تھی کہ وہ جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہوتے اس طرح تو کسی بھی عبادت گاہ میں کوئی بھی شخص داخل نہیں ہوتا جس طرح ریاست مدینہ کے دعویدار صدر نے مسجد میں داخل ہوکر مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے سوشل میڈیا پر یہ تصویر وائرل ہوئی ہے جسے دیکھ کر امت مسلمہ کے خون کے آنسو رو رہا ہے اور حکومت کیخلاف عوامی نفرت میں اضافہ ہورہا ہے راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ ایک طرف تو اقلیتی کمیشن میں قادیانیوں کو شامل کرنے کی سازش کی گئی دوسری طرف مطالعہ پاکستان سے نبی پاکؐ کے ختم نبوتؐ کے سبق میں ترمیم کی گئی‘ تیسری طرف صدر پاکستان جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہورہے ہیں یہ کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں پوری قوم کا ان سے سوال ہے اگر یہی حکومتی طرز عمل رہا تو عوامی نفرت میں اضافہ ہوگا صدر پاکستان کو اس تصویر کے حوالے سے اپنا موقف دینا ہوگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) نادرا‘ بنکوں اور مختلف دفاتر کیساتھ ساتھ احساس پروگرام مراکز پر عوامی دھکم پیل حکومتی ایس او پیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے لوگ ایکدوسرے سے سماجی فاصلہ رکھے بغیر جڑے نظر آرہے ہیں اس کے برعکس مساجد میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے صدر پاکستان سمیت دیگر حکومتی اہم شخصیات مساجد میں تو بھاگ بھاگ کر ایس او پیز کا جائزہ لینے جارہے ہیں وہ بنکوں‘ نادرا آفسز اور دیگر اداروں میں جاکر دیکھیں کس طرح ایس او پیز کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں تاکہ انہیں معلوم ہو کہ جنہیں یہ بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ان مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد ہورہا ہے جبکہ دفاتر میں ایس او پیز کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) عید کی خریداری کیلئے عوام کو لاک ڈاؤن میں ریلیف دینا حکومت کا بڑا کارنامہ ہے لاک ڈاؤن ختم ہونے سے کاروباری سرگرمیاں عروج پر پکڑیں گی مگر تاجروں اور عوام پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومتی اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد کریں ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت عثمان عتیق نے کیا انہوں نے کہا کہ تاجروں کی دیرینہ خواہش تھی کہ عوام کیلئے لاک ڈاؤن کھولا جائے اب حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دیں عثمان عتیق نے کہا کہ ہم حکومت کے مشکور ہیں جنہوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرکے تاجروں کا بڑا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے عثمان عتیق نے کہا کہ ہماری تنظیم ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) نواسہ رسولؐ حضرت امام حسنؓ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا کرونا وائرس کی وجہ سے اس سلسلہ میں کوئی بڑی محفل منعقد نہ ہوسکی تاہم ان کی ولادت کے حوالہ سے لوگوں نے صدقہ خیرات تقسیم کرنے کیساتھ ساتھ بڑی تعداد میں لنگر بھی تقسیم کیا مساجد اور امام بارگاہوں میں علماء کرام نے سیدنا حسن مجتبیؓ کے حوالہ سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبی پاکؐ کو حسنؓ اور حسینؓ سے بے پناہ محبت تھی یہی وجہ ہے کہ آپؐ نے فرمایا کہ جس نے حسنؓ اور حسینؓ سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی دنیا بھر میں سیدنا امام حسنؓ کا یوم ولادت ہر سال 15 رمضان المبارک کو مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جاتا ہے اور اس دن انکی زندگی پر مفصل روشنی ڈالنے کیلئے مختلف محافل کا اہتمام کیا جاتا ہے مگر اس سال کرونا وائرس کی وجہ سے کوئی خاطر خواہ تقریب نہ ہوسکی تاہم امام بارگاہوں میں ان کی ولادت کے حوالہ سے افطاری کے اوقات میں ذکر خیر کیا گیا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرونا وائرس نے جہاں اپنوں کو بھی دور کردیا ہے وہاں پر ریسکیو 1122 کا عملہ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ہر قسم کے مریضوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے پوری دنیا میں ٹی وی چینلز اور فلاحی ادارے‘ پاک فوج‘ ڈاکٹرز‘ پولیس کو سلام پیش کررہے ہیں مگر وہاں پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو کوئی سلام پیش نہیں کرتا جبکہ یہ وہ ورکرز ہیں جو اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر اپنے فرائض منصبی بہتر انداز میں ادا کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار نائب صدر آل پاکستان انجمن تاجران میاں عبدالجبار نے کیا انہوں نے کہا کہ جہاں لوگ پاک فوج‘ ڈاکٹرز اور پولیس کو سلام پیش کررہے ہیں وہاں پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کا نام بھی استعمال کرلیا جائے تو ان کے حوصلے مزید بلند ہوجائینگے میاں عبدالجبار نے کہا کہ یہ وہ واحد ادارہ ہے جس کے اہلکار بغیر رشوت کے عوامی فلاح کے کاموں میں مصروف ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا کے صدر چوہدری نصیر احمد چیمہ ایڈووکیٹ کے بھائی سابق ڈسٹرکٹ اٹارنی چوہدری مشتاق احمد چیمہ انتقال کرگئے جنہیں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا نماز جنازہ میں سیاستدانوں‘ وکلاء کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ان کی وفات پر انجمن تاجران سرگودھا کے راہنما میاں عبدالجبار‘ شاہین احسان مغل‘ میاں فخر الاسلام‘ ارشد محمود ارشی‘ مرزا الیاس بیگ‘ چوہدری اللہ دتہ‘ ہاشم خان‘ ملک محمد اصغر‘ رانا ساجد اقبال‘ عبدالحنان چوہدری سمیت دیگر نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء کرے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومتی ہدایات کے باوجود مختلف مقامات پر گندم کی فصل کی بقیہ جات کو آگ لگانے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے حکومت نے گندم کی فصل کی بقیہ جات کو آگ لگانے پر پابندی عائد کررکھی ہے اس کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد گندم کی کٹائی کے بعد اس کی بقیہ جات کو آگ لگا کر تلف کررہی ہے جو سانس کیساتھ ساتھ مختلف بیماریوں کا موجب بن رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow