پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 29 ہزار کے قریب پہنچ گئی

کورونا وائرس: پاکستان میں مصدقہ کیسز 28736 ہو گئے، 636 افراد جاں بحق

لاہور: ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ دن بدن بڑھ رہا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 1262 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار 736 ہوگئی ہے جبکہ اموات 636 تک پہنچ چکی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز میں ملک میں ایک روز کے دوران اب تک کے سب سے زیادہ 2000 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔ یہ 2 ہزار کیسز وزیراعظم عمران خان کے لاک ڈاؤن کو نرم کرنے کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مرتبہ پھر 1262 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس دوران 12982 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ 70 ہزار 25 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ یو این این کو موصولہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 18 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد ہونے والے افراد کی تعداد 636 ہو گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں 7809 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں 20927 کنفرم مریض ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سمیت دیگر صوبوں کی مرحلہ وار رپورٹ کا جائزہ لیا جائے تو اس وقت ملک بھر میں سب سے زیادہ کیسز کی تعداد سندھ میں ہے جہاں پر 10771 کیسز ہیں۔ دوسرے نمبر پر پنجاب ہے، جہاں پر مریضوں کی تعداد 10471 ہے، بلوچستان میں 1876، خیبر پختونخوا میں 4509، اسلام آباد میں 609، آزاد کشمیر میں 79 اور گلگت بلتستان میں 421 مریض ہیں۔ ملک بھر میں جاں بحق افراد کی بات کی جائے تو خیبرپختونخوا میں ہلاکتیں سب سے زیادہ ہیں، جہاں پر 234 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 180 افراد خالق حقیقی سے جا ملے، پنجاب میں 191 افراد کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے جانبرنہ ہو سکے۔ یو این این کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 4 ، بلوچستان میں 24، گلگت بلتستان میں 3 افراد دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں تاحال کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 60، بلوچستان میں 222، گلگت بلتستان 298، اسلام آباد میں 72، خیبر پختونخوا میں 1086، پنجاب میں 4131، سندھ میں 1940 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سکیورٹی کی بات کی جائے تو چاروں صوبائی دارالحکومت لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، وفاقی دارالحکومت، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پاک فوج، پولیس اہلکار سمیت دیگر اہلکار اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ یو این این کو موصولہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے پاکستان میں 86 فیصد مریض مقامی منتقلی کی وجہ سے وائرس سے متاثر ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 24073 مصدقہ متاثرین میں سے 20725 یعنی 86 فیصد مریضوں کو مقامی منتقلی کی وجہ سے وائرس لگا ہے، بقیہ 14 فیصد متاثرین کو بیرون ملک سفر کے دوران وائرس لگا۔ مقامی منتقلی کے سب سے زیادہ متاثرین اسلام آباد میں ہیں جہاں 503 مریض یعنی 96 فیصد کو مقامی سطح پر وائرس لگا ہے۔ پنجاب میں مقامی منتقلی کے مریض 83 فیصد یعنی 7547 مریض ہیں جبکہ سندھ میں 90 فیصد یعنی 7766 مریض مقامی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
Unn

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow