سرگودھا کی خبریں ارشد محمود ارشی سے

سرگودھا (بیورو رپورٹ) موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے اس آڑ میں پولیس اہلکار عیدی مہم بھی چلانے لگے ہیں جبکہ پکڑے جانیوالے لوگوں کو سفارشات پر چھوڑنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ڈبل سوار لوگوں کا کہنا ہے کہ مجبوری کے عالم میں نکلنا پڑتا ہے نکلتے ہی پولیس اہلکار مختلف ناکوں پر پکڑ لیتے ہیں اور ہم سے عیدی کا مطالبہ کرتے ہیں نہ دینے کی صورت میں تھانوں میں بند کردیا جاتا ہے دیہی علاقوں سے ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری مجبوری ہے آئی جی پنجاب عید تک ڈبل سواری پر پابندی کو نرمی کرنے کیلئے وزارت داخلہ سے درخواستیں کریں تاکہ عوام عید کی خریداری آسانی سے کرسکیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) گرمی بڑھتے ہی لوگوں کی کثیر تعداد نے نہروں کا رخ کرنا شروع کردیا ہے جہاں پر روزہ داروں کیساتھ ساتھ دیگر لوگ بھی نہاتے اور گرمی کو دور کرنے کیلئے نہروں کا رخ کررہے ہیں جس کی وجہ سے نہروں پر نہانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کرونا وائرس کو جنم دے سکتا ہے دوسری طرف نہانے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالہ سے کہا جاتا ہے کہ بار بار ہاتھ دھوئیں ہم تو پورا جسم دھو رہے ہیں اس لئے کرونا ہمیں کچھ نہیں کہے گا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کل 20 رمضان المبارک میں اعتکاف کیلئے مساجد کی انتظامیہ نے مخصوص لوگوں کا چناؤ کرلیا ہے جو اعتکاف بیٹھیں گے اس سلسلہ میں اعتکاف بیٹھنے والے افراد کو ایس او پیز کے تحت اعتکاف کی اجازت دی جائیگی دوسری طرف علماء کرام نے مردوں کے گھروں میں اعتکاف کرنے کو سنت کیخلاف عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین گھروں میں اعتکاف کرسکتی ہیں مردوں کیلئے مسجد میں اعتکاف ضروری ہے ایک بستی یا محلے سے کوئی بھی شخص اعتکاف بیٹھ جائے تو پورے محلے سے اعتکاف ہوجاتا ہے اس لئے لوگ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے مساجد میں اعتکاف کرینگے جو کل 20 رمضان المبارک سے شروع ہوگا اور عید کا چاند نظر آنے تک جاری رہے گا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) 21 رمضان المبارک شہادت یوم علیؓ پر موجودہ حالات میں کسی قسم کی مجالس اور جلوسوں پر پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا کرونا وائرس کی وجہ سے ہر قسم کی مذہبی تقریبات پر پابندی عائد ہے تاکہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچا جاسکے شہادت یوم علیؓ پر مجالس اور جلوس ہوتے ہیں مگر موجودہ حالات میں حکومت نے ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کررکھی ہے اس لئے 21 رمضان المبارک کو کسی قسم کی مجالس اور جلوس نہیں ہونگے اس سلسلہ میں حکومت نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے تعاون کرنے کی استدعا کی ہے تاکہ کرونا کے پھیلاؤ سے بچنے میں مدد مل سکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پاکستان کی تاریخ پاک فوج کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے ہر کڑے وقت میں پاک فوج کے جوان سب سے آگے فرنٹ لائن پر ہوتے ہیں سیلاب آئے یا زلزلہ کرونا وائرس آئے یا لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا ہو پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ملکی استحکام کیلئے بڑھ چڑھ کر قربانیاں دی ہیں کرونا وائرس کی وجہ سے میجر اصغر کی شہادت سے ثابت ہوگیا ہے کہ پاک فوج کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان سمال ٹریڈرز بزنس فورم پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین شاہین احسان مغل نے کیا انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج تو پہلے ہی سرحدوں پر موجود ہے مگر اندرونی طور پر دہشتگردوں‘ تخریب کاروں سے نمٹنے کیساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بھی پاک فوج کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ان کی قربانیوں پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے شاہین احسان مغل نے کہا کہ ان لوگوں کی زبان گُدی سے کھینچ لینی چاہئیے جو پاک فوج کیخلاف بیان بازی کرتے ہیں یہی اصل میں ملک دشمن ہیں جو سب سے مقدم ادارے پر بیان بازی کرتے ہیں شاہین احسان مغل نے کہا کہ آرمی چیف‘ چیف جسٹس ایسے لوگوں کیخلاف سخت سے سخت کاروائی کریں تاکہ کسی کو اس مقدم ادارے پر بولنے کی جرات نہ ہو شاہین احسان مغل نے کہا کہ یہ وقت کلبھوشن جیسے ملک دشمن کو پھانسی لگانے کیلئے بہترین ہے تاکہ دہشتگردوں کو یہ پیغام جائے کہ پاکستان میں دہشتگردوں اور ان کی پشت پناہی کرنیوالوں کیلئے کوئی جگہ نہیں اور جو بھی اداروں اور پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں ملوث ہے اسے سر عام تختہ دار پر لٹکا کر ہی پاکستان کی سر زمین کو دہشتگردوں سے پاک کیا جاسکتا ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ضلع سرگودھا کے 280 مڈل و پرائمری سکولوں کے درجے بڑھانے کیلئے محکمہ ایجوکیشن نے اقدامات شروع کردیئے ہیں محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق ضلع سرگودھا کے 100 مڈل اور 180 کے لگ بھگ مڈل سے ہائی اور پرائمری سے مڈل سکول کا درجہ دیا جائیگا اس سلسلہ میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں سکولوں کو اگلے درجے میں پرموٹ کرنے کیلئے فہرستیں طلب کرلی گئی ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے اس موسم بہار میں ہر نیکی کا اجر 70 گنا بڑھ جاتا ہے مگر بدقسمتی سے پاکستان میں لوگوں نے اس موسم بہار میں بھی گناہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا 10 روپے والی چیز 40 روپے میں فروخت کرکے نیکیوں کو ضائع کیا جارہا ہے دیگر مذاہب میں ان کے مذہبی تہواروں پر ہر قسم کی اشیاء کی قیمتیں کم کردی جاتی ہیں پھر ہم کہتے ہیں کہ کرونا اور دیگر وبائی امراض آرہے ہیں ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کیا انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کا آنا ایک عام بات ہے جب تک ہم اللہ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے احکامات پر عملدرآمد نہیں کرینگے اس وقت بے موسمی بارشیں‘ زلزلے‘ سیلاب اور کرونا جیسی دیگر وبائی امراض آتی رہیں گے ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اعمال کو درست کریں اور رمضان المبارک میں منافع خوری چھوڑ کر اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی سچے دل سے معافی مانگیں وہ غفور الرحیم معاف کرنیوالا ہے اگر اس کے سامنے آنسوؤں کیساتھ معافی مانگی جائے تو یقیناً کرونا جیسا موذی مرض پاکستان سے ختم ہوجائیگا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی نیت ٹھیک کرلیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کمشنر سرگودھا نے عوامی شکایت پر تمام پرائس مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پٹرول پمپس کے پیمانے چیک کریں اور کم پٹرول فراہم کرنیوالے پٹرول پمپ سیل کرنے کیساتھ ساتھ انہیں بھاری جرمانے بھی کئے جائیں بتایا گیا ہے کہ ڈویژن بھر کے چاروں اضلاع خوشاب‘ میانوالی‘ سرگودھا اور بھکر میں بعض پٹرول پمپ مالکان نے پیمانے کم رکھے ہوئے ہیں جس سے عام صارف کو نقصان ہوتا ہے کمشنر سرگودھا نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرائس مجسٹریٹ صاحبان کو پٹرول پمپ چیک کرکے رپورٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر روانہ کریں تاکہ عارف صارف کو لُٹنے سے بچایا جاسکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرگودھا کی تعمیر و ترقی کیلئے وزیر اعظم‘ وزیر اعلیٰ سے فنڈز کی استدعا کی ہے سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو فعال بنانے اور شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے ابتدائی طور پر 15 ارب روپے سے زائد کے فنڈز درکار ہیں اگر یہ فنڈز فوری طور پر نہ ملے تو سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی مشکلات کا شکار رہے گی ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی و سینئر راہنما پاکستان تحریک انصاف الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کیا انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور مسائل سے آگاہ کیا ہے اور ان سے ابتدائی طور پر 15 ارب روپے کے فنڈز کے اجراء کا کہا ہے اس کے علاوہ ملازمین کی کمی اور دیگر معاملات کے حوالے سے بھی دونوں شخصیات کو بریف کردیا ہے امید ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے مذکورہ فنڈز کا اجراء کردینگے الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ سرگودھا کے مسائل بہت زیادہ اور وسائل بہت کم ہیں جس کی وجہ سے ادارے صحیح طریقہ سے کام کرنے سے قاصر ہیں اگر مذکورہ اداروں کو مطلوبہ فنڈز فوری طور پر جاری کردیئے جائیں تو سرگودھا کو حقیقی معنوں میں شاہینوں کا شہر بنانے میں مدد ملے گی دونوں شخصیات نے فنڈز کے اجراء کی یقین دہانی کروائی ہے اور امید ہے کہ جلد سرگودھا کی تعمیر و ترقی کیلئے کچھ نہ کچھ فنڈز ضرور ملے جائینگے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت کا ایک اور بڑا فیصلہ‘ گریڈ 14 سے 22 تک کے تمام ملازمین کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں ذرائع کے مطابق ملازمت میں آنے سے قبل ان کے ذرائع آمدن کیا تھے اور دوران ملازمت ان کے اثاثے کہاں تک پہنچے اس کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں افسران کی جانب سے فراہم کی جانیوالی تفصیلات کی روشنی میں ان کے اثاثوں کی خفیہ مانیٹرنگ کے ذریعے چھان بین کی جائیگی اور غلط بیانی کرنیوالے افسران و ملازمین کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) تاجر برادری نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تو مجبوراً حکومت کو سخت اقدامات کرنے پڑ سکتے ہیں اس لئے تاجر برادری فوری طور پر ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ کرونا جیسے وائرس سے نہ صرف خود محفوظ رہ سکیں بلکہ دوسرے افراد بھی اس مہلک مرض سے بچ سکیں ان خیالات کا اظہار کوآرڈی نیٹر امین بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن میاں فخر الاسلام، صدر خواجہ عامر حنیف، نائب صدر رانا محمد زبیر، جنرل سیکرٹری طارق نمبردار، خواجہ شاہد محمود، محمد آصف، محمد راشد ایڈووکیٹ، سہیل زکریا، زاہد وائیں اور دیگر ممبران نے کیا انہوں نے کہا کہ کرونا پاکستان کا نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور اس مسئلہ سے ہم سب کو ملکر نمٹنا ہے یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب ہم حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرینگے میاں فخر الاسلام نے کہا کہ موجودہ حالات میں لاک ڈاؤن میں نرمی حکومت کا بڑا اقدام ہے اس اقدام سے چھوٹے کاروباری حضرات کو ریلیف ملے گا مگر ہمیں بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ماہر فلکیات نے اس سال 30 روزے ہونے کی نوید سنا دی ہے ماہرین کے مطابق 23 مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں 24 مئی کو عید کا چاند نظر آئیگا اس طرح اس سال 30 روزے ہونگے اور عید 25 مئی بروز سوموار ہوگی محکمہ داخلہ نے سرکاری ملازمین کیلئے پیر منگل بدھ تین تعطیلات کرنے کا فیصلہ کیا ہے وفاقی محکموں کے ملازمین عید پر پانچ جبکہ صوبائی محکموں کے ملازمین چار چھٹیوں سے لطف اندوز ہونگے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں 7 دن کیلئے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا اس دوران تمام کاروبار بند رہیں گے ذرائع کے مطابق عید کی خریداری مکمل ہونے کے بعد عید کی تعطیلات کے دوران مکمل لاک ڈاؤن سے کرونا جیسے موذی مرض پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) بھارت خطے کے امن کو تباہ کرنے کے در پے ہے اسے پاک چین دوستی ایک آنکھ نہیں بہا رہی کبھی وہ پاکستان پر کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتا ہے تو کبھی چین سے پنگے لے رہا ہے یہی پالیسی خطے کو ایک خوفناک جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے دنیا کو اس طرف توجہ دینا ہوگی اور کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں پر بھارت سے جواب طلبی کی جائے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے صدر راجہ عبدالوہاب نے کیا انہوں نے کہا کہ بھارت اور آر ایس ایس کے غنڈوں کا یہ نظریہ ہے کہ پورے خطے کو ہندؤ ریاست بنا دیا جائے یہی وجہ ہے کہ وہ اب بھارت میں اقلیتوں کو چن چن کر قتل کررہا ہے پہلے مسلمانوں اب سیکھوں اور عیسائیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے بھارت نے ان کی املاک کو جلانے کے علاوہ لوٹمار کا بھی بازار گرم کررکھا ہے راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے عملی اقدامات کرے اقوام متحدہ میں کلبھوشن کیس میں انڈین وکیل کے الزامات کو مسترد کردیا گیا ہے جو پاکستانی کی اخلاقی فتح ہے راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ اس وقت بھارت میں جس طرح مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) 15 مئی سے عید کی تعطیلات کے پیش نظر حکومت نے بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کھولنے پر غور شروع کردیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ عید کیلئے صرف نان اے سی ٹرانسپورٹ چلائی جائیگی کیونکہ طبی ماہرین نے اے سی کو کرونا کے پھیلاؤ کا سبب قرار دیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ اے سی کوچز مکمل بند ہوتی ہیں اس لئے کرونا کے پھیلنے کا موجب بن سکتی ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت نے نان اے سی گاڑیوں کو چلانے کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا ہے ٹرانسپورٹ کے اجراء کیلئے ایس او پیز تیار کرلئے گئے ہیں مسافر ایک سیٹ چھوڑ کر بیٹھیں گے ذرائع کے مطابق سفر کے دوران ماسک‘ گلوز کا استعمال لازمی ہوگا دور کے مسافروں کیلئے دوران سفر صابن اور سینی ٹائزر رکھنا بھی ضروری قرار دیا جائیگا تاکہ دوران سفر مسافر حفاظتی اقدامات کے تحت اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکیں حتمی فیصلہ حکومت کریگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) بھارتی خفیہ ایجنسی راء نے بلوچستان کے اندر دوبارہ سے بھاری فنڈنگ اور بلوچستان کے اندر دوبارہ سے مختلف گروپوں کو پاکستان کیخلاف کام کرنے کیلئے مکمل سپورٹ کرنا شروع کردی ہے بھارتی حکومت کی طرف سے راء کو مکمل سپورٹ اور راء کے اہم ترین ذمہ داران کا پاکستان کے اندر مختلف گروپوں کیساتھ رابطوں کے حوالے سے کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں جس سے ثابت ہوگیا ہے کہ بھارت کبھی پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار حلقہ این اے 88 راؤ طاہر مشرف نے کیا انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع نے بلوچستان میں کیچ کے مقام پر دہشتگردی کا اعتراف کرلیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں براہ راست کردار ادا کررہا ہے اب وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی دہشتگرد کلبھوشن کو سرعام پھانسی دی جائے راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ امریکہ میں عافیہ صدیقی کو رہاء کرایا جائے بھارت کشمیر کے اندر دہشتگردی اور نسل کشی کی وارداتیں اور مسلسل اتنے دن سے لاک ڈاؤن پورے عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے اور یہ کرونا کی آفات اسی کا پیش خیمہ ہے راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ جس طرح بھارت نے کشمیر کو لاک ڈاؤن کیا تو اللہ تعالیٰ نے پوری دنیا کو لاک ڈاؤن کرکے ثابت کردیا ہے کہ اللہ سب سے بڑا ہے ابھی بھی اگر عالم اسلام کو ہوش نہ آیا تو اور بہت سے عذاب آسکتے ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرگودھا اور میانوالی کے درمیان بننے والی منی موٹروے پر کرونا وائرس کی وجہ سے رُکا ہوا کام دوبارہ شروع ہوگیا ہے فیز ون میں 5 ارب روپے کی لاگت سے میانوالی سے چک قدرت آباد تک منی موٹروے کو مکمل کیا جائیگا جس کے بعد 3 مختلف فیز میں سرگودھا سے میانوالی تک اس منی موٹروے کو مکمل کیا جائیگا ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منی موٹروے اس سال جون تک مکمل ہونے کے امکانات مشکل ہیں تاہم اسے آئندہ مالی سال تک مکمل کرنے کیلئے ٹھیکیداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہوم آئسولیشن کی اجازت سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جس سے صرف معمولی نوعیت کے مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں رکھا جائیگا جہاں پر ان کا بہتر علاج کیا جاسکے گا ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت عثمان عتیق نے کیا انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے خاتمے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم جس طرح کوششیں کررہی ہے پورے پاکستان کے عوام انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور حکومت نے غریب اور مستحق لوگوں میں 12-12 ہزار روپے تقسیم کرکے غریبوں کے حوصلے بلند کردیئے ہیں جبکہ سندھ حکومت نے کرپشن کے عوام پر پہاڑ توڑ دیئے ہیں وہاں کے ہسپتالوں کی حالت زار انتہائی گھمبیر ہے عثمان عتیق نے کہا کہ اسی طرح حکومت کی جانب سے احساس پروگرام سے مستفید لوگوں کے بجلی کے بلوں میں رعایت دیا جانا بھی حکومت احسن اقدام ہے اسی طرح حکومت چھوٹے تاجروں کے بلوں کو 3 ماہ کیلئے معاف کرے تاکہ چھوٹے تاجر دوبارہ سے اپنا کاروبار چلا سکیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی کپڑے‘ جوتے اور جیولری کی دکانوں پر لوگوں کا بے پناہ رش دیکھنے میں آرہا ہے اس کے برعکس کریانہ اور دیگر کھانے پینے والی اشیاء کی دکانوں پر رش نہ ہونے کے برابر ہے دوسری طرف لاک ڈاؤن کے دوران بنائے جانیوالے ایس او پیز پر کہیں بھی عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آرہا سینئرز ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عوام لاک ڈاؤن کے دوران سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں تاکہ کرونا جیسے موذی مرض سے بچا جاسکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرگودھا کے نواحی علاقے چک 102 کی رہائشی خاتون مسماۃ ن نے کچھ عرصہ قبل زیادتی کا جھوٹا وقوعہ بنا کر ایف آئی آر درج کروائی حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے خاتون نے 30 لاکھ روپے کاروبار کی مد میں لیکر اپنے بھائی کی کمپنی دوبئی میں انویسمنٹ کروا دی اس دوران خاتون سے بار بار پیسے مانگے گئے مگر وہ ٹال مٹول سے کام لیتی رہی اس وقوعہ کو 5 سال گزر چکے ہیں خاتون پیسے دینے سے انکاری ہے اب مذکورہ خاتون نے زیادتی کا مجھ سمیت میرے قریبی عزیز رانا انور‘ میاں جاوید اقبال اور شوکت کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا مزکورہ خاتون کیخلاف لاہور کے تھانہ برقی میں مقدمہ درج ہوا ہے جس کی تحقیقات پولیس کررہی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) جرائم پیشہ افراد سے روابط اور منفی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کی فہرستیں تیار کرنے کیلئے خفیہ اداروں کے اہلکار متحرک ہوگئے ہیں جو پولیس اہلکاروں کے حوالہ سے رپورٹ تیار کرکے وزارت داخلہ اور آئی جی کو پیش کرینگے جس کے بعد جرائم پیشہ افراد سے روابط رکھنے اور منفی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائیگا ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کے نوٹس میں یہ بات لائی گئی ہے کہ اکثر اہم کیسوں میں پولیس اہلکار مخبری کرتے ہیں جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد بچ نکلتے ہیں ایسے پولیس اہلکاروں کی خفیہ رپورٹیں تیار کی جارہی ہیں تاکہ محکمہ پولیس کو ایسے پولیس اہلکاروں سے پاک کیا جاسکے اس سلسلہ میں صوبہ بھر میں خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار پولیس والوں کی رپورٹس تیار کررہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow