سرگودہا کی خبریں ارشد محمود ارشی سے

سرگودھا (بیورو رپورٹ) شہادت یوم علیؓ اور جمعۃ المبارک کے موقع پر سرگودھا میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے مساجد‘ امام بارگاہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران پولیس کا گشت بھی ضلع بھر میں جاری رہا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے مساجد میں ایس او پیز کے تحت جمعہ کے اجتماعات ہوئے پولیس اور سکیورٹی اہلکار کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے نہ صرف متحرک رہے بلکہ ضلع بھر کے داخلی خارجی راستوں پر بھی پولیس ناکے لگائے گئے تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) فیکٹری ایریا‘ بستی عیسائیاں‘ ڈیرہ سائیں جمال سمیت دیگر آبادیوں کو پانی فراہم کرنیوالے ٹیوب ویل کا ٹرانسفارمر گزشتہ دو ہفتے سے خراب پڑا ہے جس کی وجہ سے ان علاقے کے مکینوں کو پینے کے پانی کی فراہمی بند ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سرگودھا اور واپڈا حکام فوری طور پر ٹرانسفارمر تبدیل کرائیں تاکہ عوام کو پینے کے پانی بہتر انداز میں فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرگودھا کو ترقی کی جانب سے گامزن ہوتا دیکھ کر خوشی ہوئی میرے اور موجودہ دور میں بہت فرق ہے اب سرگودھا کا شمار پنجاب کے بڑے شہروں میں ہونے لگا ہے یہاں پر صنعتوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور خصوصاً کاٹیج انڈسٹری کو فروغ دیکر سرگودھا جیسے شہر سے کثیر زر مبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے یہاں کے تاجر اور عوام میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے بطور ڈپٹی کمشنر سرگودھا میں نے لوگوں کا جذبہ خدمت انسانیت دیکھا یہی وجہ ہے کہ میری اس شہر سے دلی وابستگی ہے ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی سیکرٹری‘ سابق ڈپٹی کمشنر سرگودھا مظہر علی خاں نے آل پاکستان سمال ٹریڈرز بزنس فورم پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین شاہین احسان مغل اور نائب تحصیلدار راجہ لیاقت حیات سمیت دیگر تاجروں سے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سرگودھا آکر دلی مسرت ہوئی ہے اور سرگودھا کی ترقی دیکھ کر دل خوش ہوا ہے اس موقع پر شاہین احسان مغل نے شہر اور تاجروں کے مسائل کیساتھ ساتھ ان کی سرگودھا آمد پر انہیں خوش آمدید کہا اور بتایا کہ آپ کا دور بھی ترقی کا دور تھا اور یہ اس وقت سے شہر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے وقت کیساتھ ساتھ اس شہر میں بہتری آرہی ہے جبکہ بھلوال کے مقام پر صنعتی زون کا قیام بھی ضلع کی ترقی میں اہم ہوگا شاہین احسان مغل نے کہا کہ آپ کی جانب سے بیکو لائٹ اور دیگر چھوٹی انڈسٹری کو اس دور میں جو سہولتیں دی گئی تھیں اس سے آج چھوٹے تاجر مستفید ہورہے ہیں جبکہ اللہ توکل جیسے خیراتی ادارے کو جگہ کی فراہمی بھی مظہر علی خاں کی موہون منت ہے اسی طرح غلہ منڈی میں ہسپتال کا قیام ہزاروں لوگوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اس پر مظہر علی خاں نے شاہین احسان مغل اور دیگر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) نااہل ٹریفک وارڈنز کی غلط حکمت عملی اور مختلف مقامات پر لگائے جانیوالے ناکوں کی وجہ سے شہر بھر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا‘ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران مختلف شاہراؤں پر بدترین ٹریفک جام رہی‘ ٹریفک پولیس کے وارڈنز نے لوہے کے تاروں کی باڑ اور بیرئیر لگا کر سڑکیں بلاک کردیں اور خود ناکوں سے غائب رہے جس کی وجہ سے شاہراؤں پر بدترین ٹریفک جام تھی لوگ شاہراؤں کے قریب گلی محلوں میں موٹر سائیکلوں‘ گاڑیوں سمیت داخل ہوئے جس سے ان علاقوں کے لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا شہریوں کا کہنا ہے کہ سرگودھا میں ٹریفک وارڈنز کی تربیت نہ ہونے کے باعث وہ اس طرح کے اقدامات کرتے ہیں جس سے عوام کو سہولت ہونے کی بجائے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے دیگر شہروں میں ٹریفک وارڈنز عوامی سہولت کیلئے متحرک ہوتے ہیں جبکہ سرگودھا میں ٹریفک وارڈنز عوامی مشکلات میں اضافے کا موجب بنتے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب سرگودھا میں تربیت یافتہ وارڈن ہیڈ تعینات کریں جو ٹریفک کو رواں رکھنے اور شہریوں کو سفری سہولتوں میں آسانی فراہم کرنے کے ماہر ہوں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) دیا میر اور بھاشا ڈیم کی تعمیر سے پاکستان معاشی طور پر خوشحال ہوگا اور اس سے توانائی کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے علاوہ پانی کو ذخیرہ کرنے میں مدد ملے گی ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کیا انہوں نے کہا کہ اگر یہ ڈیم پہلے شروع ہوجاتے تو آج پاکستان توانائی کے بحران سے نکل چکا ہوتا اور صنعتوں کو فروغ حاصل ہوتا ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے حلقہ میں کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے بھی اقدامات کریں تاکہ پانی کی قلت کو روکنے کیساتھ ساتھ توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے سکے ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ سی پیک منصوبہ اس وقت ہی کامیاب ہوگا جب یہاں پر توانائی کے بے شمار مواقع ہونگے اس لئے کالاباغ ڈیم بھی وقت کا اہم تقاضا ہے اس کیساتھ ساتھ دیگر چھوٹے بڑے دریاؤں پر بھی ڈیمز بناکر توانائی کے بحران پر قابو پانے کیساتھ ساتھ صنعتوں کے فروغ اور بے روزگاری کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) شہر بھر میں ایسے تعلیمی اداروں‘ شادی ہالز‘ پرائیویٹ ہسپتال اور بڑے بڑے شاپنگ مالز کے مالکان کیخلاف رمضان المبارک کے بعد کریک ڈاؤن کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے جنہوں نے پلازے‘ تعلیمی ادارے‘ ہسپتال‘ شادی ہالز تو بنا لئے ہیں مگر پارکنگ کا کوئی نظام نہیں رکھا ان میں بنک بھی شامل ہیں ان کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے متعدد بار ان اداروں کے مالکان کو پارکنگ کیلئے وارننگ جاری کی مگر مالکان نے انتظامیہ کے احکامات کو ہواء میں اڑا دیا جس کی وجہ سے پارکنگ‘ سڑکوں اور گلی محلوں میں ہونے سے عوامی مشکلات بڑھ رہی ہیں جبکہ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم رہتا ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) لاک ڈاؤن سے زیادہ خطرہ بھوک و افلاس سے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی تاکہ لوگوں کا معاشی بحران ختم ہوسکے مگر بدقسمتی سے تاجروں نے ایس او پیز پر عملدرآمد کو مسلسل نظر انداز کیا جو اس وباء کے پھیلنے کا موجب بن سکتا ہے ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی و سینئر راہنما پاکستان تحریک انصاف الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کیا انہوں نے کہا کہ اب تو دنیا بھر کے ڈاکٹرز بھی کہہ رہے ہیں کہ ہمیں نہ جانے کتنا عرصہ اس وباء کیساتھ رہنا پڑے اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی مگر تاجروں اور شہریوں نے بتائی گئی ہدایات کو نظر انداز کرکے اپنے اور حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی جس کے نتائج مستقبل میں خطرناک ہوسکتے ہیں الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ حکومتیں جو بھی فیصلہ کرتی ہیں وہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہوتا ہے حکومت کو عوامی زندگیاں عزیز ہیں اسی وجہ سے انہوں نے ان کا روزگار بحال رکھنے کیلئے ایس او پیز کے تحت کاروبار کرنے کی اجازت دی تاکہ ان کا کاروبار بھی چلے اور یہ کرونا سے بھی محفوظ رہیں آئندہ بھی لاک ڈاؤن میں اگر نرمی ہوئی اور تاجروں نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تو حکومت کو سخت اقدامات اٹھانا پڑینگے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ضلعی انتظامیہ نے سیٹلائٹ ٹاؤن سمیت مختلف آبادیوں میں قائم تعلیمی اداروں کو آبادیوں سے باہر منتقل کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے کاروائی کا آغاز کردیا ہے معلوم ہوا ہے کہ مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو آبادیوں سے اپنے تعلیمی ادارے باہر منتقل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے لاک ڈاؤن کے بعد جو تعلیمی ادارے شہر کی آبادیوں میں ہونگے ان کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی یاد رہے کہ انتظامیہ نے کئی ماہ پہلے تعلیمی اداروں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے ہدایات جاری کی تھیں مگر اس پر عملدرآمد نہ ہوسکا ان تعلیمی اداروں کی وجہ سے آبادیوں کا سیوریج سسٹم‘ ٹریفک نظام اور ماحولیاتی آلودگی پر بڑا اثر پڑ رہا ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے تمام بڑے تعلیمی اداروں خصوصاً ایسے کالجز جو آبادیوں میں موجود ہیں انہیں شہر سے باہر منتقل کیا جائیگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کی جانیوالی کاروائیوں سے آئندہ آنیوالے دنوں میں آٹے کے بحران سے بچنے میں مدد ملے گی لوگوں کی بڑی تعداد دولت کے لالچ میں گندم کو ذخیرہ کررہی ہے اور یہی بحران کا سبب بنتا ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے صدر راجہ عبدالوہاب نے کیا انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ذخیرہ کی گئی گندم کی برآمدگی خوش آئند ہے اس سے ذخیرہ اندوزوں کے حوصلے پست کرنے میں بھی مدد ملے گی راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ عوام ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کریں تاکہ عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنیوالیوں کے چہرے بے نقاب ہوں ان کی وجہ سے حکومتیں بدنام ہوتی ہیں انتظامیہ کے افسران جس طرح گندم کی برآمدگی کیلئے چھاپے مار رہے ہیں ان کا کردار بھی قابل تحسین ہے راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ جلد آٹا چینی بحران کی رپورٹ بھی منظر عام پر آجائیگی عمران خان ایسے کسی شخص کو نہیں چھوڑینگے جو حکومت اور عوام کیلئے مشکلات پیدا کرے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ایس او پیز پر عملدرآمد تاجروں اور شہریوں کے وسیع تر مفاد میں ہے اپنے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا عقلمندی نہیں ہے تاجر لاک ڈاؤن میں نرمی سے ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان کے کاروباری ادارے سیل بھی کئے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا عمر دراز گوندل اور اے ایس پی سٹی احمد شاہ نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انجمن تاجران بلاک نمبر 15 گرلز کالج روڈ سرگودھا کے صدر شیخ مسعود احمد اور دیگر تاجر نمائندے بھی موجود تھے اے سی سرگودھا نے شیخ مسعود سمیت دیگر تاجروں کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو سراہا اور کہا کہ دیگر تاجر بھی اس طرح کے اقدامات کریں تاکہ لوگوں کا کاروبار بھی چلتا رہے اور کرونا وائرس سے بچنے میں مدد بھی ملے اس موقع پر شیخ مسعود احمد نے اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا اور اے ایس پی کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے جو ایس او پیز مقرر کئے گئے ہیں اس پر من و عن عملدرآمد کیا جائے اس کیلئے تاجروں سے بھی ہم نے اپیل کی ہے کہ وہ ایس او پیز کی خلاف ورزی نہ کریں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) فلور ملز مالکان کی جانب سے گندم کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف انتظامیہ نے آٹے کے بحران سے بچنے کیلئے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی کی جس پر ملز مالکان نے احتجاجاً ہڑتال کی کال دی ہے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیگی اور عوام کی فلاح و بہبود اور ان کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریگی یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انتظامیہ حکومتی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کیخلاف متحرک ہے دوسری طرف فلور مل انتظامیہ نے ہڑتال کرکے انتظامیہ کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جو انتظامیہ نے خاطر میں نہ لاتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے دو فلور ملز کو سیل کرنے کیخلاف فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے پریس کانفرنس کا کوئی جواز نہیں جو بھی فلور مل انتظامی احکامات کی خلاف ورزی کریگی اس کیخلاف کاروائی کی جائیگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) انتظامیہ کی کرونا کے حوالے سے جاری کوششیں قابل تحسین ہیں مگر دوسری طرف انہیں سیلاب‘ ڈینگی‘ ٹڈی دل اور دیگر مسائل کے حل پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیئے تاکہ آنیوالے دنوں میں ان مسائل سے بچنے میں مدد مل سکے ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار حلقہ این اے 88 راؤ طاہر مشرف نے کیا انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں کرونا کی وباء جس طرح پھیل رہی ہے اس سے بچنے کیلئے لاک ڈاؤن میں سختی وقت کا تقاضا ہے اگر حکومت نے لاک ڈاؤن میں سختی نہ کی تو اس کے خطرناک نتائج عوام کو بھگتنا ہونگے کیونکہ عوام ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کیلئے تیار نظر نہیں آرہے جس سے کرونا وائرس کے پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ انتظامیہ اور حکومت کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے مگر حالیہ بارشوں‘ پہاڑوں پر برفباری‘ گرمی پڑنے سے پگھلے گی جس سے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے اسی طرح بارشوں کے پانی سے مچھر کی افزائش ڈینگی کو جنم دیگی ان پر توجہ بھی دی جائے راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ کرونا کا ہے مگر دیگر مسائل کو بھی نظر انداز کرنا حماقت کے زمرے میں آتا ہے اس لئے ہمیں چاہیئے کہ حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنا سکیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) محکمہ تعلیم سرگودھا کے پاس پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا مکمل معلومات نہیں‘ مختلف مقامات پر ایسے سکولز بھی قائم ہیں جو محکمہ تعلیم سے رجسٹرڈ نہیں ہیں اور وہاں پر بچوں کی بڑی تعداد تعلیم حاصل کررہی ہے جس سے ان بچوں کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم خصوصاً کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا اس کا نوٹس لیں اور ایسے تعلیمی ادارے جو محکمہ تعلیم کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہیں انہیں یا تو رجسٹریشن کرانے کا پابند بنایا جائے یا پھر انہیں مکمل بند کیا جائے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سیدنا علی المرتضیؓ کی خاندانی عظمت و شان سے کوئی مسلمان انکار نہیں کرسکتا دین اسلام کیلئے حضرت علیؓ کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں آپؓ بچوں میں سب سے پہلے اسلام لانے والوں میں شامل ہیں ان کے بارے میں نبی پاکؐ نے فرمایا کہ حضرت علیؓ کا چہرہ مبارک دیکھنا بھی مبارک ہے اور اہلبیت سے محبت کے بغیر مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوتا ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت عثمان عتیق نے کیا انہوں نے کہا کہ ان کے بارے میں نبی پاکؐ نے فرمایا کہ میں علم کا شہر ہوں اور علیؓ اس کا دروازہ ہیں آپؓ کی اسلام کیلئے مختلف جنگوں میں شرکت سے مسلمانوں کو جو طاقت ملی وہ کسی سے پوشیدہ نہیں عثمان عتیق نے کہا کہ حضرت علیؓ کے بارے میں یہ بھی ارشاد ہے کہ پوری دنیا ایک طرف چلے تو تم جس طرف علیؓ چلیں اس طرف چلنا علیؓ تمہیں کبھی گمراہ نہیں ہونے دینگے ہجرت کے وقت نبی پاکؐ نے حضرت علیؓ کو اپنے بستر پر سلاتے ہوئے فرمایا تھا کہ علیؓ صبح لوگوں کی امانتیں واپس کرکے میرے پاس آجانا تو اس حوالہ سے حضرت علیؓ نے فرمایا کہ میں ساری زندگی میں واحد رات تھی جو سکون کیساتھ سویا کیونکہ نبی پاکؐ نے فرمایا تھا کہ صبح امانتیں واپس کرکے میرے پاس آجانا تو مجھے کامل یقین تھا کہ آج رات مجھے موت نہیں آئیگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) میٹرو پولیٹن کارپوریشن سرگودھا میں ملازمین کی تنخواہوں‘ پنشن سمیت دیگر غیر ضروری اخراجات کی ادائیگی کیلئے حکومت نے 3 کروڑ 88 لاکھ روپے کے فنڈز کا اجراء کردیا ہے تاکہ عید سے قبل ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی کی جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow