سرگودہا میں کورونا تیزی سے بڑھ رہا ہے عوام خدارا احتیاط کو یقینی بنائیں ڈاکٹر سکندر وڑائچ

سرگودھا ( ) ضلع سرگودھا میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ جس کی بڑی وجہ عوام الناس کا احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنا ہے بلکہ اب جو مریض آرہے ہیں ان کی حالت پہلے ہی سیریس ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی ایم اے پنجاب کے نائب صدر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں میں عوام الناس کا ٹھا ٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی غمازی کر رہا ہے کہ جون کا مہینہ ہمارے لئے بہت سخت ہو گا کیونکہ لوگوں کی توجہ نہ تن دوری کی طرف ہے اور نہ ہی ہاتھوں کو بار بار دھونا یا ماسک پہننے کو اہمیت دے رہے ہیں۔ بلکہ کھانسی‘ نزلہ‘ بخار والے مریضوں کو گھروں میں رکھ کر علاج معالجہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ لیکن جب حالت سیریس ہوتی ہے تو ہسپتال کا رخ کیا جاتا ہے۔ جس کے نتائج بعض دفعہ مریض کی موت کی شکل میں سامنے آتے ہیں۔ جو کہ ایک انتہائی خطرناک بات ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی توجہ اس طرف دلاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عوام الناس میں کرونا کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے باقاعدہ مہم چلائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ اپنے ہاتھوں کو بار بار صابن کے ساتھ دھوئیں‘ اپنے گھروں سے نکلتے وقت ماسک پہنیں‘ اپنے ہاتھوں سے اپنے چہرے کو مت چھوئیں‘ کھانسی‘ نزلہ‘ زکام‘ کی صورت میں فوراً اپنے قریبی ہسپتال میں چیک کروائیں۔ اور اگر کرونا کا شبہ ہو تو سرکاری ہسپتالوں سے کرونا کا ٹیسٹ فری کروائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow