حکومت تاجروں کی کاروباری لاگت کم کرے دو روپے یونٹ بجلی میں اضافی سمجھ سے بالاتر ہے مظہر احمد ملک

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کاروباری لاگت کم کرنے اور موجودہ ملکی صورتحال میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے یونٹ کا اضافہ کاروباری لاگت کو بڑھا کر مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا کردیگا ضرورت اس امر کی ہے کہ کاروباری لاگت کو کم کرنے کیلئے بجلی کی قیمت میں پٹرولیم مصنوعات کی مناسبت سے نمایاں کمی کی جائے ان خیالات کا اظہار سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مظہر احمد ملک نے کیا انہوں نے کہا کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو بجلی کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے فی یونٹ کا اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے مظہر احمد ملک نے کہا کہ حالیہ بجٹ عوام دوست ہونا چاہیئے اور جو تجاویز مختلف سیکٹرز کے حوالہ سے چیمبرز کی طرف سے بھجوائی گئی ہے انہیں ضرور اہمیت دی جائے ٹیکس ریونیو کا ہدف حاصل کرنے کیلئے نئے ٹیکس گزار تلاش کئے جائیں ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے انڈسٹری کو مزید آسانیاں فراہم کی جائیں خاص طور پر بجلی کی قیمتوں میں تیل کی مناسبت سے کمی لائی جائے تاکہ کاروباری لاگت کم سے کم ہوسکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پٹرول کی قیمت کم ہونا پاکستانی قوم پر پٹرول بم بن کر گرا ہے پاکستان کے عوام 75 روپے لیٹر والا پٹرول 150 روپے لیٹر میں خریدنے پر مجبور ہیں سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں ناقص ایڈمنسٹریشن کے باعث پٹرولیم کی قلت میں عوام کو ذلیل کر کے رکھ دیا ہے اکثر موٹر سائیکل سوار اہلخانہ کے ہمراہ پٹرول نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں صوبہ بھر میں وزیر اعلیٰ کے احکامات کو بھی نظر انداز کیا جارہا ہے جن پٹرول پمپس پر پٹرول موجود ہے وہ سفارشوں سے من پسند لوگوں کو من مانے ریٹوں پر پٹرول فراہم کررہے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی رٹ کسی بھی معاملے پر نظر نہیں آرہی وزیر اعظم نوٹس لیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) فلور ملز مالکان کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کیلئے مزید مشکلات پیدا کردیگا ان حالات میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلور ملز مالکان کو سبسڈی دیتے ہوئے سستے داموں گندم فراہم کریں تاکہ آٹے کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف مل سکے ان خیالات کا اظہار امین بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر عامر حنیف‘ جنرل سیکرٹری طارق نمبردار‘ خواجہ محمد شاہد‘ محمد سہیل زکریا‘ محمد آصف‘ زاہد وائیں‘ رانا زبیر‘ ناصر زکریا ودیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ لوگ پہلے ہی کرونا وائرس کی زد میں ہیں اور ان کے معاشی حالات انتہائی گھمبیر ہیں اگر حکومت آٹے کو قبضہ میں کرکے اور اس میں مزید 100 روپے کی کمی کرکے عوام کو آٹا فراہم کرے تو اس سے لوگوں کے بہت سے مالی معاملات درست ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر شخص روٹی کے چکر میں ہے جب یہی عوام کی پہنچ سے دور ہوگی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) اختیارات کا ناجائز استعمال‘ سرگودھا سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید نیازی کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کیلئے نیب نے مختلف محکموں سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید نیازی کیخلاف شکایات کی جانچ پڑتال پر ذیلی اداروں سے ریکارڈ طلب کیا گیا ہے سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ سے گزشتہ دو سالوں میں افسران کا ریکارڈ بھی مانگ لیا گیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر کیخلاف تبادلوں میں مبینہ مداخلت اور مالی فوائد حاصل کرنے کی شکایات ہیں صوبائی وزیر بنک اکاؤنٹس‘ محکمہ مال سے جائیداد کا ریکارڈ سمیت فیملی کے پاس اثاثہ جات کی تفصیلات بھی مانگ لی گئی ہیں اس کے علاوہ عنصر مجید نیازی کے سرگودھا میں موجودہ اثاثہ جات اور کان کنی کے کاروبار سے حاصل ہونیوالی آمدن کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ عنصر مجید نیازی کے حوالہ سے کرپشن کرنے کی اتنی شکایات نہیں ہیں جتنی ان کے فرنٹ مین کے بارے میں عوامی شکایات ہیں جس کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ملکی معاشی بدحالی کے پیش نظر جہاں حکومت مالی مشکلات سے دو چار ہے وہاں پر چھوٹے تاجروں کیلئے مشکلات کم ہونے کی بجائے ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھ رہی ہیں ان حالات میں حکومت آئندہ مالی سال کو ٹیکس فری سال قرار دے تاکہ لوگ معاشی طور پر ریلیف محسوس کریں ان خیالات کا اظہار آل پاکستان سمال ٹریڈرز بزنس فورم پاکستان کے مرکزی چیئرمین شعمون باقر علی اور وائس چیئرمین و راہنما سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہین احسان مغل نے کیا انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے معاشی حالات انتہائی گھمبیر ہیں خصوصاً پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے مالی مشکلات اور زیادہ مشکل تر ہورہی ہیں ان حالات میں حکومت کا فرض ہے کہ عوام کو ریلیف دیتے ہوئے آئندہ مالی سال کو بجٹ فری سال قرار دے شعمون باقر علی اور شاہین احسان مغل نے کہا کہ ایسا نہ کیا گیا تو اس کے بھیانک معاشی نتائج عوام کو بھگتنا پڑینگے اور اس سے بے روزگاری کے علاوہ جرائم میں اضافہ ہوگا ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر حکومت آئندہ بجٹ میں ریلیف فراہم کرے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں اور جو مارکیٹ کے دکاندار ایس او پیز پر عمل نہیں کررہے ان کی مارکیٹیں سیل کردی جائیں دکانداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) عوام کو کرونا وائرس سے بچانے کیلئے حکومت فیشن ڈیزائنرز کو لباس کے مطابق ماسک ڈیزائن کرکے مارکیٹ میں متعارف کروانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ لوگ اور اشرافیہ ان شوبز کے لوگوں کو دیکھ کر ماسک کا استعمال شروع کرسکیں ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کیا انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ہر چیز کو فیشن کے طور پر لیا جاتا ہے اگر شوبز سے وابستہ لوگ ماسک کا کپڑوں کیساتھ مطابقت رکھتا ہوا استعمال کرینگے تو ان کی دیکھا دیکھی دیگر لوگ بھی اس کے استعمال کو اپنے اوپر لازم کرلیں گے اور اس طرح کرونا کی وباء سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز ایک وارننگ ہے جس کو سمجھتے ہوئے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرکے خود اور دوسروں کیلئے محفوظ راستہ اپنانا ہوگا تاکہ لوگ اس وباء سے محفوظ رہ سکیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر چھوٹے تاجروں اور لوگوں کی کثیر تعداد نے 15 جون کو ہونیوالی قرعہ اندازی کیلئے 200 روپے والے بانڈز کی خریداری شروع کردی ہے تاکہ انعام نکلنے کی صورت میں ان کی معاشی مشکلات کم ہوں پرائز بانڈ ڈیلرز نے بانڈز کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر 200 روپے والے قومی انعامی بانڈز کی اضافی رقم وصول کرنا شروع کردی ہے قبل ازیں 200 روپے والا پرائز بانڈ 7 سے 10 روپے زائد قیمت پر مل جاتا تھا اب یہ بانڈ 15 سے 20 روپے میں زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرپٹ عناصر کو کسی طور معاف نہیں کیا جائیگا جس طرح سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے سابقہ ادوار میں لوٹمار کی گئی اس کا حساب لینے کا وقت آگیا ہے تب ہی اپوزیشن کی چیخیں نکل رہی ہیں عمران خان نے واضح کردیا ہے کہ وہ کرپٹ عناصر کو ہرگز نہیں چھوڑینگے ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی و سینئر راہنما پاکستان تحریک انصاف الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کیا انہوں نے کہا کہ چینی مافیا کی رپورٹ سامنے آگئی ہے ان کیخلاف بھی شکنجہ تیار ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کیخلاف نیب متحرک ہے اور انشاء اللہ انہیں ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائیگا الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ سرکاری افسران اور سیاستدانوں کیساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا احتساب ہی ملکی ترقی کی ضمانت ہے اس کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت بلا تفریق احتساب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سونا ایک لاکھ روپے فی تولہ کی حد کو چھونے سے 1600 روپے کے فاصلے پر رہ گیا ہے مقامی صرافہ مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق آنیوالے ہفتہ میں سونا ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ایک لاکھ روپے فی تولہ تک پہنچ سکتا ہے اس وقت مارکیٹ میں سونا 98 ہزار 400 روپے فی تولہ میں فروخت ہورہا ہے اور روپے کی گرتی ہوئی قیمت کو مد نظر رکھتے ہوئے مقامی مارکیٹ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سونا ایک لاکھ روپے فی تولہ کی حد کو چھو جائیگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) نیب کو دیکھ کر چھپنے والے بہادر شوباز کی شوبازیاں دم توڑ گئی ہیں ن لیگ والے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششوں میں ہیں مگر عوام نواز شریف کی تصاویر اور شوباز کی شوبازیاں جان چکے ہیں اور انہیں علم ہوچکا ہے کہ ملک کی لوٹی گئی دولت انہیں واپس کرنا ہوگی اسی لئے یہ ڈرامے بازیاں کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے صدر راجہ عبدالوہاب نے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے لوٹی گئی دولت واپس لینے کا جو وعدہ کیا ہے اس پر عملدرآمد جاری ہے اور یہ لوگ عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوششوں میں لگے ہیں اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ حکومت فوری طور پر کرپٹ عناصر کو قانون کے شکنجے میں لائے اور انہیں گرفتار کرنے کیساتھ ساتھ ان سے لوٹی گئی دولت واپس لینے کیلئے فوری اقدامات کرے تاکہ عوام کو یقین ہو کہ کرپٹ عناصر اب بچ نہیں سکیں گے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرونا وائرس سے طرز زندگی تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے آرٹیفشل کراکری کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے دوسری طرف ریگولر مشروبات کی بوتلوں کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے لوگوں کی اکثریت آرٹیفشل کراکری اور لیٹر‘ ڈیڑھ لیٹر والی بوتلوں کو ترجیح دینے لگے ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) موجودہ حکمرانوں نے ملک کو بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ایک مصیبت ختم نہیں ہوتی دوسری ملک کو گھیر لیتی ہے ان حالات میں پوری قوم اللہ تعالیٰ سے اجتماعی طور پر اپنے گناہوں کی معافی مانگے تاکہ ہم بحرانوں سے نکل سکیں ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار حلقہ این اے 88 راؤ طاہر مشرف نے کیا انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ٹڈل دل حملے‘ ڈینگی اور اب پٹرول کا بحران ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے دنیا بھر میں جہاں پٹرول وافر مقدار میں سستے داموں فروخت ہورہا ہے یہاں پر حکمران اپوزیشن کو کچلنے میں لگے ہیں ان کی عوامی مسائل کی طرف توجہ ہی نہیں دنیا بھر میں جب پٹرول سستا ہورہا ہے تو پاکستان کے پاس پٹرول ذخیرہ کرنے کا نظام ہی نہیں یہی صورتحال پینے کے پانی کی بھی ہے راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول سپلائی کرنے کیلئے وسائل ہونے چاہئیں تاکہ عوام 75 روپے والا پٹرول 155 روپے میں خریدنے پر مجبور نہ ہوں راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ حکومت نے اپنا رویہ نہ بدلا تو عوام مجبوراً تنگ آمد بجنگ آمد کے مترادف حکومت کے سامنے کھڑے نہ ہوجائیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) لاہور سرگودھا روڈ پر موٹر سائیکل رکشہ اور بس میں تصادم‘ جس کے نتیجہ میں دو افراد جانبحق جبکہ تین شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تفصیلات کے مطابق لاہور روڈ پر تیز رفتار بس نمبری 099 نے موٹر سائیکل رکشہ نمبری 5001 کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں زاہد اقبال اور محمد اسلم جانبحق ہوگئے جانبحق ہونیوالے افراد کی میتیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں جہاں ان کے لواحقین کو بھی مطلع کردیا گیا ہے پولیس مصروف تفتیش ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے ایک طرف تو حکومت کرونا وائرس کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی پالیسی بنارہی ہے دوسری طرف دکانوں کو مخصوص اوقات میں کھول کر خود کرونا وائرس کی وباء کو پھیلنے کا موقع دے رہی ہے اگر کاروبار 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دی جائے تو بازاروں میں رش کم ہوگا اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت عثمان عتیق نے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلسل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا اس سے مختلف شعبہ ہائے کاروبار بند ہورہے ہیں جس کے سبب لوگوں کی اکثریت بے روزگاری کا شکار ہوکر جرائم کی طرف راغب ہونے پر مجبور ہورہی ہے اگر حکومت نے تمام کاروبار سابقہ روایت پر بحال نہ کئے تو آنیوالے دنوں میں اس کے خوفناک نتائج پوری قوم کو بھگتنا پڑینگے عثمان عتیق نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام فیکٹریاں‘ کارخانے‘ ملیں‘ کاروباری ادارے‘ شاپنگ مالز‘ ٹرانسپورٹ‘ شادی ہالز‘ تعلیمی ادارے ایس او پیز کے تحت کھول کر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے عوام کیساتھ ساتھ حکومت بھی لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی بحران سے دو چار ہوسکتی ہے جس سے بچنے کیلئے 24 گھنٹے کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے کم وقت میں رش زیادہ اور ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دی جاتی ہیں زیادہ اوقات میں رش کم ہوگا اور ایس او پیز پر بہتر انداز میں عملدرآمد ہوسکے گا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرونا وائرس کو سنجیدہ لیا جائے اس وقت تک پاکستان میں 78 ہزار سے زائد کرونا وائرس کے مریض آچکے ہیں خوش قسمتی سے پاکستان میں کرونا وائرس کے صحت یاب ہونیوالے مریضوں کی تعداد بھی 27 ہزار سے زائد ہوچکی ہے تھوڑی سی احتیاط مزید مریضوں کو صحت یاب کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے ان خیالات کا اظہار سرگودھا ٹیچنگ ہسپتال کے ماہر امراض ناک‘ کان‘ گلہ ڈاکٹر محمد خلیل رانا نے کرونا وائرس کے حوالہ سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو جنم دے رہا ہے کسی قسم کی افواہیں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کو بڑھا سکتی ہیں ڈاکٹر محمد خلیل رانا نے کہا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ کرونا نہیں ہے وہ یہ دیکھ لیں کہ اس سے پیرا میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز جن کی تعداد 562 سے زائد ہے وہ صرف پنجاب میں متاثر ہوئے ہیں ان میں سے کئی ڈاکٹرز دیگر افسران زندگی کی بازی ہار چکے ہیں ڈاکٹر محمد خلیل رانا نے کہا کہ خدا راہ کرونا کو سنجیدہ لیں اور احتیاط کریں خصوصاً ہاتھ دھونا‘ وضو کرنا‘ ماسک لگانا لازمی یقینی بنائیں تاکہ اس وباء سے خود اور دوسروں کو بچایا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow