عوام کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے ہر مافیا کے گرد گھیرا تنگ کریں گے وزیراعلی پنجاب

عوام کے مفادات کو زک پہنچانے والے ہر کارٹل کو توڑا جائے گا:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا آٹے، چینی، گھی، پولٹری سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہرممکن انتظامی اقدام کا حکم
کسی کو آٹے، چینی، گھی، پولٹری سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نہیں بڑھانے دینگے،ناجائزمنافع خوروں کیخلاف ایکشن ہوگا
کورونا وباءکے دوران بھی منافع کے نام پر عوام کو لوٹنے والوں کو خوف خدا نہیں، عوام کے مفادات کی نگہبانی کریں گے
ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورو ںکیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاﺅن کا حکم، پرائس کنٹرول میکانزم پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد آٹے، چینی، گھی اور پولٹری کے نرخوں میں بلاجواز اضافہ قابل قبول نہیں
فلور ملوں کو گندم کے ذخائر بڑھانے کیلئے سہولت فراہم کریں گے،گندم کے 43 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد ذخائر موجود ہیں
چینی کے 18 لاکھ ٹن سے زائد ذخائر ہیں،گنے کے کاشتکاروں کو 170 ارب روپے سے زائد کی ادائیگی یقینی بنا چکے ہیں
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس ، آٹے، چینی، گھی، پولٹری کی قیمتوں میں استحکام اور کے پی کے کو گندم کی فراہمی کیلئے اقدامات کا جائزہ
لاہور3جون : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں آٹے، چینی، گھی، پولٹری سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہرممکن انتظامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو آٹے، چینی، گھی، پولٹری اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نہیں بڑھانے دیں گے۔ناجائزمنافع خوروں کے خلاف انتظامی طور پر ایکشن ہوگا۔عوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباءکے دوران بھی منافع کے نام پر عوام کو لوٹنے والوں کو خوف خدا نہیں۔پہلے بھی عوام کے حقوق کا تحفظ کیا اور اب بھی ان کے مفادات کی نگہبانی کریں گے۔عوام کے مفادات کو زک پہنچانے والے ہر کارٹل کو توڑا جائے گا۔ صوبے کے عوام کو کسی صورت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورو ںکے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاﺅن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مقرر کردہ نرخوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔عوام کو اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں گے۔ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد آٹے، چینی، گھی اور پولٹری کے نرخوں میں اضافہ قابل قبول نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پرائس کنٹرول کیلئے میکانزم پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں ۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام کو ریلیف دینے کے لئے اشیاءضروریہ کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد وں پر چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلور ملوں کو گندم کے ذخائر بڑھانے کیلئے سہولت فراہم کریں گے۔پنجاب حکومت نے رواں سیزن کے دوران ریکارڈ گندم خریدی ہے اور پنجاب حکومت کے پاس گندم کے 43 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد ذخائر موجود ہیں۔پنجاب حکومت کے پاس چینی کے بھی18 لاکھ ٹن سے زائد ذخائر ہیں اور پنجاب حکومت گنے کے کاشتکاروں کو 170 ارب روپے سے زائد کی ادائیگی یقینی بنا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔محکمہ صنعت، محکمہ خوراک اور انتظامیہ مربوط پلاننگ کے تحت صورتحال پر نظر رکھیں اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کو باقاعدہ مانیٹر کیا جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی ہیں۔ خیبرپختونخوا کے بہن بھائیوں کی غذائی ضروریات کو پہلے بھی خیال رکھا اور آئندہ بھی رکھیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں آٹے، چینی، گھی، پولٹری اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور کے پی کے کو گندم کی فراہمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹریز خوراک، لائیوسٹاک، صنعت ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
٭٭٭٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow