سرگودہا کی 20 خبریں ارشد ارشی سے

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرونا سروے کے حوالے سے لوگوں کے دلچسپ جوابات سننے میں آئے ہیں گزشتہ روز مختلف بازاروں میں کرونا وائرس کے حوالہ سے ایک سروے کیا گیا جس میں لوگوں کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم پہلے ہی 70 سو بیماریوں سے لڑ رہی ہے اب کرونا بھی آگیا ہے اس سے بھی لڑ لیں گے حکومت خوف پھیلانے سے اجتناب کرے تو پاکستانی قوم انشاء اللہ اس بیماری سے بھی نکل جائیگی شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت ٹی وی چینلز اور اخبارات میں کرونا وائرس کے حوالے سے خبریں نشر اور شائع کرنا بند کردے اور اس پر مکمل پابندی لگا دے تو ہم دعوے سے کہتے ہیں کہ پاکستان میں کرونا سے شاید ہی کوئی مرے کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے جس طرح کیس بڑھا چڑھا کر پیش کئے جارہے ہیں وہ بیرونی امداد کا جواب دینے کیلئے ہیں جبکہ ہمارے پورے ملک میں رشتے دار ہیں کسی میں کرونا وائرس کی اطلاع نہیں ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ کرونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے تو اللہ تعالیٰ کی جانب سے آنیوالی آفات سے کوئی لڑ کر کامیاب نہیں ہوسکا صرف اس سے رحم مانگو اسی طرح ایک اور شہری کا کہنا ہے کہ جب سے ایماندار وزیر اعظم آئے ہیں پاکستان آئے روز کسی نہ کسی آفت میں گھیرا رہتا ہے کبھی آٹا بحران‘ کبھی چینی نایاب‘ کبھی قبضہ مافیا اب پٹرول مافیا میدان عمل میں ہے جب یہ مافیا قوم کو لوٹ لیتے ہیں تو وزیر اعظم صاحب نوٹس لیکر خواب خرگوش کے مزے لوٹنے لگتے ہیں ایک شہری کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان پر عمران خان کی نہیں مافیا کی حکومت ہے جو جس ٹائم چاہے حکومت کیلئے پریشانی پیدا کردے اب آٹا‘ چینی‘ پٹرول کے بعد چکن بحران میں حکومت خواب کی دنیا میں سوئی ہے جب چکن مافیا عوام کو اچھی طرح نچوڑ لے گا تو حکومت نوٹس لے گی ایسی حکومت 70 سال میں نہیں دیکھی ایک بزرگ شہری کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ ہمیں اس حکومت سے نجات دلائیں جس میں بحران ہی بحران ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ہفتہ اور اتوار کو لاک کو یقینی بنانے کیلئے پولیس اہلکار گاڑیوں میں اعلانات کرکے دکانیں بند کروانے کیلئے سرگرم عمل رہے مختلف مقامات پر لوگوں نے ہفتہ کے روز بھی دکانیں کھول رکھی تھیں جسے پولیس نے بند کروایا پولیس اہلکار سرکاری گاڑی میں لاک ڈاؤن کی پابندی کو یقینی بنانے کے اعلانات کرنے کیساتھ ساتھ شہریوں سے استدعا کرتے رہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے لاک ڈاؤن کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت کرونا وائرس اور اس سے پیدا ہونیوالی معاشی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے جن کے تدارک کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں کاروباری حضرات بلا شبہ موجودہ حالات میں پریشان ہیں ان حالات میں حکومت اور انتظامیہ کاروباری حضرات سے ہر ممکن تعاون کررہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ تاجر بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کریں ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سرگودھا عبداللہ نئیر شیخ نے حاجی شاہد جاوید کی قیادت میں ملنے والے جمعیت القریشن میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ کاروبار کرونا وائرس سے بری طرح متاثر ہیں یہ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر کا مسئلہ ہے جس سے ہمیں مل جل کر نمٹنا ہوگا اس موقع پر جمعیت القریش میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شاہد جاوید نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر جانوروں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے دوسری طرف کھال خریدنے والے لوگوں نے پول کرلیا اور 4 ہزار روپے میں فروخت ہونیوالی کھال 400 سے 600 روپے میں خرید رہے ہیں جس سے ہماری ایسوسی ایشن کے ممبران کو خاطر خواہ خسارہ برداشت کرنا پڑرہا ہے اسی طرح گرمی کے موسم میں سری پائے بھی لوگ خریدنے سے اجتناب کررہے ہیں یہ دھچکا بھی ہمیں برداشت کرنا پڑ رہا ہے ان حالات میں جب جانور مہنگا ہو اور اس کے اعضاء بھی مقررہ قیمتوں سے انتہائی ریٹ پر ہمیں دینا پڑیں تو ایسے حالات میں کاروبار جاری رکھنا بہت مشکل ہے دوسری طرف مختلف محکمے آئے روز جرمانے کرنے آجاتے ہیں ہماری آپ سے استدعا ہے کہ ہمارے ریٹ ہر ہفتہ مقرر کردیئے جائیں جو جانوروں کی قیمت سے مطابقت رکھتے ہوں یا پھر ایسا ممکن نہیں تو ہر مہینے ریٹ مقرر کرکے ہمیں دیا جائے تاکہ ہمیں نقصان نہ ہو ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت کو آپ کی مشکلات سے آگاہ کرینگے اور انشاء اللہ ضلعی سطح پر بھی اس کا بہتر حل نکالا جائیگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض لوگوں نے پٹرول میں مٹی کا تیل ملانا شروع کردیا ہے جس سے گاڑیوں‘ موٹر سائیکلوں کے انجنوں پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں ملاوٹ مافیا نے مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے پٹرول میں مکس کرکے جہاں مالی فائدہ اٹھانا شروع کیا ہے وہاں پر شہریوں کی گاڑیوں‘ موٹر سائیکلوں کیلئے بھی مشکلات پیدا ہورہی ہیں

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرگودھا میں دعوؤں کے باوجود پٹرول کے حصول کیلئے شہری مختلف پٹرول پمپس پر خوار ہوتے رہے تاہم گلی‘ محلوں میں کھلے عام پٹرول 120 روپے سے 140 روپے فی لیٹر تک فروخت ہوتا رہا جن پٹرول پمپس پر پٹرول موجود تھا وہاں پر موٹر سائیکلوں‘ گاڑیوں‘ رکشاؤں کی طویل قطاریں لگی تھیں کئی لوگ راتوں کو اٹھ کر پٹرول پمپ پر پٹرول ڈلوانے کیلئے موجود رہے اکثریت نماز فجر کی ادائیگی کے بعد پٹرول پمپ کا رخ کرتی رہی انتظامیہ کی جانب سے صرف اخباری خبریں جاری کرنے کے سواء عملی طور پر شہریوں کو ریلیف فراہم نہیں کیا جارہا اکثریت پٹرول پمپس مالکان نے سٹاک ختم ہونے کے بورڈز آویزاں کردیئے ہیں دوسری طرف انتظامیہ کی جانب سے مختلف پٹرول ایجنسیاں سیل کرنے اور کئی کو جرمانے کرنے کی خبریں بھی ہیں تاہم عوام کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کیلئے دو سال میں سوائے بحرانوں کے کچھ نہ دے سکی جس سے عوام سخت نالاں ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کسی طور بھی برداشت نہیں کی جائیگی دکاندار ایس او پیز کے تحت کاروبار کو یقینی بنائیں دکاندار بغیر ماسک کے کسی کو سامان فروخت نہ کریں کرونا وائرس کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو یہ اپنے ساتھ دوسروں کی جانوں کیلئے بھی خطرے کا سبب ہے احتیاط بہترین علاج ہے اس لئے تاجر حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ان خیالات کا اظہار کمشنر سرگودھا محترمہ ڈاکٹر فرح مسعود‘ ڈپٹی کمشنر سرگودھا عبداللہ نئیر شیخ نے مختلف مقامات کے دورہ کے دوران جائزہ لیتے ہوئے تاجروں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلہ اور احتیاط کرونا کا بہترین علاج ہے وینٹی لیٹر پر جانے سے بہتر ہے کہ گھر میں رہیں اور بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں کمشنر سرگودھا نے کہا کہ عوام تعاون کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان کرونا کو شکست نہ دے اس لئے احتیاط ہی سب سے اہم ہے اس موقع پر آل پاکستان سمال ٹریڈرز بزنس فورم پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین و راہنما سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و فوکل پرسن امن کمیٹی شاہین احسان مغل بھی موجود تھے جنہوں نے شہر میں مختلف مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی بہتر حکمت عملی سے سرگودھا میں دیگر شہروں کی نسبت کرونا کے مریض کم ہیں اور یہاں پر مریضوں کی دیکھ بھال کیساتھ ساتھ ان کے علاج معالجہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے بہتر ایڈمنسٹریشن کی وجہ سے کیس بہت حد تک کنٹرول میں ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انتظامیہ سے عوام تعاون کریں اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں کمشنر سرگودھا نے مختلف مقامات پر بے جا رش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماجی فاصلوں کو ہر صورت یقینی بناکر لوگوں کی جانوں کے تحفظ کو آسان بنایا جائے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت نے کرونا وائرس سے بچنے کیلئے مارکیٹوں‘ بازاروں اور عبادتگاہوں میں بچوں اور بزرگوں کے داخلے پر پابندی کو یقینی بنانے کیلئے دکانداروں اور عبادتگاہوں کے منتظمین سے کہا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی پھیلتی ہوئی وباء کے پیش نظر اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ اور بزرگ مارکیٹوں اور عبادتگاہوں میں نہ آئے کیونکہ کرونا وائرس چھوٹے بچوں اور زیادہ عمر کے لوگوں کو جلدی متاثر کرتا ہے جس سے یہ وباء زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے اس کو روکنے کیلئے وقتی طور پر بازاروں‘ مارکیٹوں‘ پلازوں‘ عبادتگاہوں میں بزرگوں اور بچوں کو نہ آنے دیا جائے تاکہ پاکستان جلد کرونا وباء سے نجات حاصل کرسکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ایف بی آر سٹاف کی 30 جون تک چھٹیوں کی منسوخی کے بعد ہفتہ کے روز دفاتر کھلے رہے جبکہ آج بروز اتوار بھی دفاتر کھلے رہیں گے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق 415 ارب 50 کروڑ روپے کا ہدف موجودہ حالات میں پورا کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے اسی وجہ سے عملے کی 30 جون تک چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اورتمام عملے سے کہا گیا ہے کہ وہ ریکوری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرونا وائرس کی وباء نے پوری دنیا کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے پاکستان میں 30 لاکھ سے زائد خاندانوں پر بے روزگاری کی تلوار لٹک گئی ہے حکومت ان حالات میں بے روزگار ہونیوالے افراد کو بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے اور حکومتی سرپرستی میں چلنے والے اداروں سے کسی کو نہ نکالا جائے ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کیا انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث غربت کی شرح 24.3 فیصد سے بڑھ کر 34.2 تک جا پہنچی ہے اگر کرونا کے وار اسی طرح جاری رہے تو غربت کی شرح مزید بڑھ سکتی ہے ان حالات میں حکومت ایسے اقدامات کرے جس سے معیشت کو بھی سنبھالا ملے اور عوام بھی بے روزگاری سے محفوظ رہ سکیں ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ اگر پہلے ہی ایک ماہ سخت لاک ڈاؤن کیا جاتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی عید پر لاک ڈاؤن کی نرمی نے پاکستانیوں کو کرونا وائرس کی مصیبت میں مبتلا کردیا ہے اور عید کے بعد سے کیس بڑی تعداد میں سامنے آرہے ہیں ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ اب بھی حکومت ایسا قدم اٹھائے جس سے کرونا وائرس کے وار روکنے میں مدد مل سکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) کرونا کے حکومتی اداروں پر بھی وار شروع‘ مختلف اداروں کے سینکڑوں ملازمین کرونا کی لپیٹ میں آگئے جس کی وجہ سے حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو ہر ممکن حفاظتی اقدامات اپنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین احتیاط کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں حکومت کی جانب سے تمام اداروں میں ملازمین کے کرونا ٹیسٹوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے تاکہ کرونا وائرس سے بچنے میں مدد مل سکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت فوری طور پر سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے فنڈز کا اجراء کرے وگرنہ ایس ڈی اے خزانے پر بوجھ کے سواء کچھ ثابت نہیں ہوگا ایس ڈی اے کو قائم ہوئے تین سال کا عرصہ گزر چکا ہے مگر اس کے فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے ادارہ اپنی افادیت کھو رہا ہے ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی و سینئر راہنما پاکستان تحریک انصاف الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کیا انہوں نے کہا کہ لوگ ہم سے ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے سوالات کرتے ہیں جس کا جواب ہمارے پاس فنڈز نہ ہونے کے سواء کچھ نہیں لوگ کہتے ہیں کہ اب حکومت آپ کی ہے فنڈز کا نہ ملنا سمجھ سے بالاتر ہے سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام سے لوگوں کو امید پیدا ہو چلی تھی کہ اب سرگودھا ترقی کریگا مگر ایسا نہ ہوسکا جس کا ہمیں بھی ملال ہے الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ اس وقت سرگودھا جن مسائل سے دو چار ہے اگر فوری طور پر فنڈز فراہم نہ کئے گئے تو اس کے بھیانک نتائج عوام کو بھگتنا پڑینگے ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیر اعظم‘ وزیر اعلیٰ فوری طور پر سرگودھا کیلئے فنڈز کا اجراء کریں تاکہ سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن طریقہ سے شہری مسائل حل کرسکے الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ امید ہے کہ موجودہ بجٹ میں حکومت ایس ڈی اے کیلئے فنڈز ضرور مختص کریگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) مختلف مقامات پر ماسک نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کاروائی کا آغاز کیا جارہا ہے انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے خصوصاً موٹر سائیکل رکشہ‘ آٹو رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ ان کی اور ان کے پیاروں کی جانیں بچانے میں مدد مل سکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا دورہ حکومت لوٹ کھسوٹ کے سواء کچھ نہ تھا پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طور پر تباہ کرنے کا کریڈٹ بھی دونوں پارٹیوں کو جاتا ہے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کا بے لاگ احتساب ان کی بد اعمالیوں کو بے نقاب کرنے میں اہم ثابت ہوا ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے صدر راجہ عبدالوہاب نے کیا انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں پاکستان ایٹمی قوت کے طور پر تو نقشے پر موجود ہے مگر معاشی طور پر اس کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اس کیلئے موجودہ حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط معاشی ایٹمی طاقت بنائے بغیر لوگوں کا معیار زندگی بہتر نہیں کیا جاسکتا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت قوم پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) محکمہ صحت نے کرونا وائرس سے بچنے کیلئے شوگر‘ پھیپھڑے‘ دل کے عارضے اور حاملہ خواتین ہیلتھ پروفیشنلز کی کرونا وارڈ میں ڈیوٹی نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ لوگ کرونا جیسی وباء سے محفوظ رہ سکیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) موجودہ وباء میں امت مسلمہ کے تمام حکمران خانہ کعبہ میں جاکر رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہوکر گناہوں کی معافی مانگیں تاکہ اللہ تعالیٰ کرونا جیسی وباء کو دنیا سے ختم کرے اور دنیا سے اللہ تعالیٰ راضی ہوجائیں یہ وباء اللہ کی ناراضگی کو ظاہر کررہی ہے اس کا واحد حل استغفار میں ہے ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار حلقہ این اے 88 راؤ طاہر مشرف نے کیا انہوں نے کہا کہ میل جول میں احتیاط کریں کرونا صورتحال سے نکل جائینگے ضرورت اس امر کی ہے کہ محدور رہیں خود بھی اور دوسروں کو بھی محفوظ رہنے کا موقع فراہم کریں راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک بھی کرونا کے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں پاکستان پر اللہ تعالیٰ کی خاص نظر ہے کہ یہاں پر کرونا وائرس ہے ضرور مگر اس کا پھیلاؤ انتہائی کم ہے اس میں حکومت اور انتظامیہ کی بھی بہتر حکمت عملی ہے اب اس کا واحد حل احتیاط میں ہے راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ احتیاط کرکے ہم اپنوں کیساتھ ساتھ دوسروں کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد نان اور روٹی کی قیمتوں میں 2 روپے سے 5 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے نان بائیوں کا کہنا ہے کہ جب ہمیں آٹا مہنگا ملے گا تو مجبوراً ہمیں قیمتیں بڑھانا پڑینگی 10 جون سے صوبہ بھر میں نان اور روٹی کی قیمتوں میں باقاعدہ اضافے کیلئے نان بائی ایسوسی ایشن نے اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے موجودہ ریٹس پر نان اور روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرکاری امور کی انجام دہی میں ایمانداری اور نیک نیتی محکموں کے وقار میں اضافے کا موجب بنتی ہے دوسری طرف رشوت‘ بداخلاقی اور لوگوں کے کاموں میں ناجائز رکاوٹیں ڈالنا محکموں کی بدنامی کا موجب ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سرکاری محکمے اور ان سے وابستہ ملازمین دیانتداری کیساتھ اپنے فرائض انجام دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ لوگوں میں ان کا وقار بلند نہ ہو ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت عثمان عتیق نے کیا انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں دیانتدار افسران کا نام آج بھی لوگ عزت و احترام کیساتھ لیتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود اور دوسروں کی عزت نفس کو مجروح کئے بغیر ان کے کام کئے عثمان عتیق نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے اداروں میں کرپشن کیساتھ ساتھ بداخلاقی‘ بے جا جائز کاموں پر بھی اعتراضات لگانا معمول بن گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا اعتماد اداروں پر ختم ہورہا ہے اس اعتماد کو بحال کرنے کیلئے سرکاری ملازمین کو رشوت سے توبہ اور اخلاق کا دامن تھام کر چلنا ہوگا تاکہ اداروں اور ملازمین کا وقار بلند ہوسکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کی 144 سے زائد تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تحصیلوں میں قائم اہم بازاروں‘ مارکیٹس‘ پلازوں میں نمایاں جگہ پر اشیائے صرف کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر آویزاں کرنے کیلئے اقدامات کریں اس کے علاوہ تمام لاری اور ویگن اڈوں پر بھی کرائے نامے آویزاں کئے جائیں اس کا مقصد تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے عوام کو لُٹنے سے بچانا ہے دوسری طرف دکانداروں نے ماسک نہ پہننے والوں کو مال فروخت نہیں کیا جائیگا کے بورڈز آویزاں کردیئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow