کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا وزیر اعلی پنجاب

کورونا کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا، زیادہ متاثرہ علاقے سیل ہونگے:عثمان بزدار
یہ سال غیر معمولی ہے، کورونا وباءنے پاکستان سمیت پوری دنیا کو متاثر کیا،پنجاب حکومت کو ہنگامی اقدامات اٹھانا پڑے ہیں
اب تک 54,138 افراد متاثر، 17 ہزار صحت یاب، 3 لاکھ 56 ہزار ٹیسٹ کئے جا چکے ، ٹیسٹ صلاحیت 12 ہزار ہوگئی
کورونا سے نمٹنے کیلئے 25 ارب روپے جاری کئے، وینٹی لیٹرز اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس میں اضافہ کیلئے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں
رواں ماہ این ڈی ایم اے کی جانب سے ایک ہزار ہائی ڈیپنڈنسی بیڈز پنجاب حکومت کو دیئے جائینگے ،اگلے ماہ مزید بیڈز ملیں گے
سرکاری سطح پر فضول خرچیوں کی پہلے اجازت دی نہ آئندہ دینگے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں، معیشت پھلے پھولے گی
10 برس بعد پنجاب نے گندم کی ریکارڈ خریداری کی ہے، فوڈ سکیورٹی کا تحفظ یقینی بنایا ہے،مشکل گھڑی میں مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں
اجلاس میں کورونا سے جاں بحق اراکین اسمبلی، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی
کورونا سے متاثرہ اراکین اسمبلی، ہیلتھ پروفیشنلز اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا ،بجٹ سیشن کیلئے حکمت عملی طے کی گئی
صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، شرکاءکو بجٹ ،کورونا ، ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے اقدامات اور گندم خریداری مہم سے آگاہ کیا گیا
لاہور15جون : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج 90 شاہراہ قائداعظم پر صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت ، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت ، دیگر وزراءاوراراکین پنجاب اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سال غیر معمولی نوعیت کا ہے۔ کورونا جیسی وباءنے پاکستان سمیت پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔پنجاب حکومت کو بھی اس مشکل صورتحال میں ہنگامی اقدامات اٹھانا پڑے ہیں۔ پنجاب میں اب تک 54,138 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ تقریباً 17 ہزار مریض کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔پنجاب میں اب تک 3 لاکھ 56 ہزار ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں اور ٹیسٹ کی صلاحیت 12 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔کورونا سے نمٹنے اور مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 25 ارب روپے فوری طور پر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے معیشت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔محاصل اور اخراجات میں عدم توازن پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 20 سے زائد شہروں کے دورے کئے اور مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس میں اضافہ کیلئے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔ رواں ماہ این ڈی ایم اے کی جانب سے ایک ہزار ہائی ڈیپنڈنسی بیڈز پنجاب حکومت کو دیئے جائیں گے جبکہ اگلے ماہ مزید بیڈز ملیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کئے گئے۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومتی اقدامات سے ٹڈی دل سے فصلوں کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔حکومت نے بروقت اقدامات کرکے کسانوں کو نقصان سے بچایا انہوں نے کہا کہآنے والے دنوں میں ٹڈی دل کے ایک اور حملے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ مون سون سیزن شروع ہونے والا ہے اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔پنجاب حکومت نے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو ضروری اقدامات کیلئے ہدایات دے دی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈینگی کا خدشہ بھی موجود ہے، اس ضمن میں حکومت الرٹ ہے۔ انسداد ڈینگی کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بجٹ میں ان تمام عوامل کو مد نظر رکھا گیا ہے۔ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔سرکاری سطح پر فضول خرچیوں کی پہلے اجازت دی نہ آئندہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات سے صوبے کی معیشت پھلے پھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ 10 برس بعد پنجاب نے گندم کی ریکارڈ خریداری کی ہے۔ہم نے فوڈ سکیورٹی کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔مشکل گھڑی میں مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں اور ہمارے مشکل فیصلے صوبے اور عوام کے مفاد کیلئے ہیں۔بجٹ سیشن میں، میں اور میری ٹیم موجود رہیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اراکےن اسمبلی مےرے دست و بازو ہےں۔ اراکےن اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بجٹ اجلاس کے دوران جاری رہے گا۔ اراکےن اسمبلی کے مسائل ترجےحی بنےادوں پر حل کرےںگے۔صوبائی پارلیمانی پارٹی کے شرکاءکو بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خدو خال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ شرکاءکو کورونا سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ صوبائی پارلیمانی پارٹی کے شرکاءکو ٹڈی دل سے فصلو ںکو بچانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور گندم خریداری مہم کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔ صوبائی وزےر قانون راجہ بشارت اور صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے اراکین اسمبلی، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ کورونا سے متاثرہ اراکین اسمبلی، ہیلتھ پروفیشنلز اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔

٭٭٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow