سرکاری ہسپتالوں پر رینجرز تعینات کی جائے ینگ ڈاکٹر ایسوی ایشن بھلوال

سرگودھا( سجاد اکرم) ینگ ڈاکٹرز نے سرگودھا سمیت پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی سکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی سکیورٹی رینجر کے حوالے کی جائے اور ہسپتالوں میں پولیس نفری بھی بڑھائی جائے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سرگودھا کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس جو کہ صدر ڈاکٹر اسامہ بن سعید کی زیر صدارت منعقد ہوا میں وائی ڈی اے کے عہدیداروں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہسپتال اور ہیلتھ پروفیشنلز حالت جنگ میں ہیں جن کی جانوں کا تحفظ حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے، ہسپتالوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے پیش نظر سرکاری ڈاکٹرز عدم تحفظ کا شکار ہیں، اس لئے تمام سرکاری ہسپتالوں کو رینجر کے حوالے کر دیا جائے، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبہ پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال نے ڈی پی او سرگودھا کو استدعا کی ہے کہ ہسپتال ہذا میں پہلے سے تعینات پولیس ملازمین کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز کی نا صرف تعداد بڑھائی جائے بلکہ گارڈز کی کارکردگی پر بھی نظر رکھنا اور حاضریوں کو یقینی بنانا ہو گا، وائی ڈی اے نے غیر حاضر گارڈز کیخلاف کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پلازما تھراپی ٹیم کے سربراہ حافظ نعمان نے کرونا کے مریضوں کے علاج کیلئے پلازما حاصل کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا آئندہ 48 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا، اور کرونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں سے حاصل کیا جانے والا پلازما حکومت پنجاب کی اجازت کے بعد ہی استعمال کیا جائے گا، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سرگودھا نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ایچ کیو سرگودھا سمیت پنجاب کے تمام اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کی وارڈز میں سینٹرل آکسیجن پوائنٹس کو یقینی بنایا جائے، اور سرکاری ہسپتالوں میں کارڈیک مانیٹرز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں جلد سے جلد اضافے کو یقینی بنایا جائے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو اگست جولائی میں کورونا کے مریضوں کی لہر میں جو اضافہ متوقع ہے اس سے کورونا کے مریضوں کی اموات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو جائے گا۔ وائی ڈی اے رہنماﺅں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کے کمروں کی مرمت پر توجہ دی جائے اور نیورو سرجری وارڈ کی حالت کو بہتر بنایا جائے، کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی بدترین صورتحال میں ڈاکٹرز و عملہ کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے، حکومت نے اگر ڈاکٹرز و عملہ کی کمی کو جلد از جلد دور نہ کیا تو بہت سے برے بتائج دیکھنے کو مل سکتے ہیں، وائی ڈی اے رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ ہیلتھ رسک الاﺅنس تمام پروفیشنلز کو ملنا چاہئے یہ ہمارا مطالبہ نہیں حق ہے، جس پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اجلاس میں کورونا کے حوالے سے روز روز عوام میں بڑھتی ہوئی افواہوں سے بچنے کیلئے وائی ڈی اے نے عوام میں آگاہی مہم شروع کرنے کیلئے سینئر و جونیئر ڈاکٹرز پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دیں، جو شہری اور دیہی علاقوں میں عوام میں شعور بیدار کریں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow