سرگودہا پٹرول کی قلت میں پھر اضافہ ہونے لگا انتظامیہ کے سب دعوے ٹھس ہوگئے

سرگودھا(محمد تہور بلال اصغر سے)ضلع بھر میں پیٹرول کی قلت بدستور جاری، ضلعی انتظامیہ کے تمام تر دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،پیٹرول کے حصول کیلئے شہری دربدر ہوکر رہ گئے، مریض کو ایمرجنسی حالت میں بذریعہ ایمبولینس لاہور منتقل کرنے کے دوران پیٹرول نہ ملنے کے باعث لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلع بھر میں ایک مرتبہ پھر پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور پیٹرول پمپس مالکان نے پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کردیا،بعض پیٹرول پمپس پر خار دار تارین لگا دی جبکہ کچھ نے قناعتیں لگا کر پیٹرول پمپس بند کر دئے ہیں۔صحافیوں کی ٹیم نے گزشتہ شب 50سے زائد پیٹرول پمپس کا سروے کیا۔خوشاب سرگودھا روڈ پر سرگودھا سے شاہ پور تک ایک پیٹرول پمپس پر بھی پیٹرول دستیاب نہ تھا۔ ضلع بھر کے جہاں جہاں پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہ سپریم پیٹرول کے نام پر لوگوں سے 148روپے فی لیٹر تک وصول کر رہے ہیں جبکہ ڈیزل فی لیٹر 10سے 15روپے اضافی لئے جارہے ہیں۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ ضلع بھر میں پیٹرول کی قلت بدستور جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیٹرول کی وافر فراہمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ شہری پیٹرول کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ڈویژنل صدر پٹرولیم ایسوسی ایشن عبدالرؤف کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں پیٹرول کی فراہمی صبح 10بجے سے شام 6بجے تک کی جارہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow