غیر قانونی ڈمپر کی تیاری حادثات کا باعث بننے لگی

سرگودھا(محمد تہور بلال اصغر سے)مقامی سطح پر غیر قانونی تیار ڈمپر ٹرکوں سے حادثات میں اضافہ باعث تشویش بن گیا جبکہ محکمہ پولیس کی طرف سے بھجوائی گئی تحقیقاتی رپورٹ اور صورتحال کے تدارک کیلئے مجوزہ عملی اقدامات کی فائل سرد خانے کی نذر ہو گئی ہے، ذرائع کے مطابق صوبائی انٹیلی جنس ادارے کی جانب سے گزشتہ روز جاری رپورٹ میں آگاہ کیا گیا کہ 23مئی 2020کے بعد حالیہ دنوں میں سرگودھا سمیت دیگر اضلاع میں مجموعی طور پر 190مہلک ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں 110جانیں گئیں اور 271افراد شدید زخمی ہوگئے، باعث تشویش امر یہ ہے کہ 65فیصد سے زائد حادثات ڈمپر ٹرکوں سے ہوئے، جن میں تکنیکی نقائص کو حادثات کی وجہ قرار دیا گیا، دوسری جانب اس حوالے سے 2019کے دوران ڈمپر ٹرکوں کے حادثات کی روشنی میں جانچ پڑتال کے بعد محکمہ پولیس کی طرف سے نشاندہی کی گئی تھی کہ مقامی سطح پر تیار ان ڈمپر ٹرکوں میں ایک دوسری نوعیت کی وہیکل کا فریم استعمال کر کے قوائد و ضوابط کی دھجیاں بکھیری گئیں،ان میں ایمر جنسی بریک کا تصور نہیں، صرف دو ٹائروں پر بریک لگی ہوتی ہے،اسی طرح دیگر تکنیکی نقائص کو حادثات کی وجہ قرار دے کر سفارشات پر مبنی رپورٹ اعلی انتظامیہ کو ارسال کی تھی، جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ محکمہ ایکسائز اس پرپیش رفت میں رکاوٹ ہے غیر قانونی قرار دیئے گئے یہ ڈمپر ٹرک اس وقت ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر رواں دواں ہیں،جبکہ صورتحال کے تدارک کی سفارشات بھی سرد خانے کی نذر پڑی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow