پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی منیب سلطان چیمہ پلانٹ فار پاکستان مہم کا افتتاح کردیا

سرگودہا ( بیوروچیف رانا اسلم شاہین)۔ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری منیب سلطان چیمہ نے ضلع بھر میں پلانٹ فار پاکستان مہم کا افتتاح کر دیا ہے ۔مہم دو ہفتہ جاری رہے گی ۔ افتتاحی تقریب ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں منعقد ہو ئی جہاں ایم پی اے چوہدری منیب سلطان چیمہ نے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کے ہمراہ پودا لگا کر پلانٹ فار پاکستان ڈے کا افتتاح کیا ۔ سادہ تقریب میں کنزرویٹر فاریسٹ حافظ محمد جمیل‘ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نثار الحق اور اے ڈی سی جی بلال فیروز جوئیہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیاکہ پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالے سے ضلع بھر میں ساڑھے بارہ ہزار پودے لگائے جارہے ہیں ۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیاکہ ڈسٹرکٹ کورٹس ‘ کمشنر دفتر ‘ اسسٹنٹ کمشنرز او رمیٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت تمام تحصیل ہیڈکوارٹر ز پر ایک ایک ہزار پودے لگائے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری منیب سلطان چیمہ کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کو شکست دینے کا واحد ہتھیار زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہم اپنی آکسیجن کا اہم ترین ذریعہ اپنے ہاتھوں سے برباد کر رہے ہیں او راپنے معمولی مفادات کی خاطر صحت بخش فضا ءکے دروازے خود بند کرتے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شجرکاری مہم میں ہر پاکستانی کا بھر پور تعاون قومی مفاد کا لازمی تقاضا ہے۔ پاکستان کو سرسبز وشاداب او رصاف ستھرا بنانے کیلئے حکومت نے تاریخی مہم شروع کر رکھی ہے ۔ انہوں نے عوام الناس پر زور دیاکہ وہ شجرکاری مہم میں بھر پور حصہ لیں او راپنے نام کا ایک پودا ضرور لگائیں اور اس کے تناوردرخت بننے تک حفاظت کو یقینی بنائیں ۔ قبل ازیں ایم پی اے چوہدری منیب سلطان چیمہ ‘ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ ‘ کنزرویٹر حافظ محمد جمیل اور اے ڈی سی جی بلال فیروز جوئیہ نے پلانٹ فار پاکستان ڈے پر اپنے اپنے حصہ کے پودے لگائے ۔ بعدازاں شہریوں میں مفت پودے بھی تقسیم کئے گئے ۔
٭٭٭٭٭

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow