سرگودہا ارشد محمود ارشی کی خبریں

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سب رجسٹرار سرگودھا سائلین کیلئے رشوت کے نئے نئے دروازے کھولنے لگے شہریوں کی جانب سے مذکورہ سب رجسٹرار کو ضلع بدر کرنے کا مطالبہ‘ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اینٹی کرپشن پولیس نے سب رجسٹرار آفس میں دو ماہ سے زائد عرصہ تبدیل ہونیوالے نائب قاصد محمد افتخار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جو اپنی تعیناتی والی جگہ سے مذکورہ سب رجسٹرار آفس میں سب رجسٹرار کے ایماء پر خود ساختہ ڈیوٹی دے رہا تھا اور مبینہ طور پر آنیوالے سائلین سے سب رجسٹرار سے کام کروانے کے نام پر پیسے وصول کررہا تھا جبکہ مقام حیات کے رہائشی شاہد اقبال ولد محمد اقبال نے اپنی درج کروائی جانیوالی ایف آئی آر میں بھی کہا ہے کہ افتخار نامی مذکورہ اہلکار سب رجسٹرار کے نام پر پیسے لیتا تھا سب رجسٹرار اس کے کہنے پر بیانات لیتا ہے جس پر اینٹی کرپشن پولیس نے چھاپہ مار کر افتخار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا شہریوں کا کہنا ہے کہ سب رجسٹرار کو فی الفور یہاں سے تبدیل کرکے کسی دیانتدار افسر کو تعینات کیا جائے تاکہ آنیوالے سائلین جائز کام کیلئے رشوت دینے سے محفوظ رہ سکیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ہندؤ توا سوچ فاشسٹ بھارتی حکمرانوں اور قابض ہندؤ فوج کے ظلم و بربریت کا شکار 80 لاکھ نہتے کشمیری مسلمان 365 دن سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں جو دنیا کا سب سے بڑا لاک ڈاؤن اور کشمیر کو سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے اب بھارتی فوج اور حکومت مزید جبر و ظلم سے باز رہے پوری دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ آچکا ہے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان سمال ٹریڈرز بزنس فورم پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین و راہنما سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہین احسان مغل نے کیا انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35A منسوخ کرکے کشمیر کو آزاد کیا جائے اور کشمیریوں کو انکا حق دیا جائے بھارت میں کشمیریوں کو دوسرے درجہ کا شہری بنانے کیلئے جس مہم کا آغاز کیا ہے ہم اسے نہیں مانتے شاہین احسان مغل نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر عالمی ضمیر فروشی سمجھ سے بالا تر ہے کسی غیر مسلم کو ایک کانٹا بھی چبھ جائے تو اقوام متحدہ چیخ اٹھتی ہے کشمیر میں 365 دنوں سے ان کا استحصال ہورہا ہے مگر عالمی ادارہ بے ضمیری کی تصویر بنا بیٹھا ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبہ بھر کے تمام کمشنرز‘ ڈپٹی کمشنرز‘ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی صاحبان کو ہدایت جاری کی ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت کنٹرول کرنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں فورتھ شیڈول میں شامل لوگوں کو پابند بنانے کیساتھ ساتھ ایسے علماء کرام جو جوش خطابت میں لوگوں کے جذبات کو مخالف کیخلاف بھڑکائیں انہیں اپنے اضلاع میں ہرگز داخل نہ ہونے دیں اسی طرح جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے علاوہ جلوس اور مجالس کے شرکاء کو ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے اہل تشیع کے ذاکرین اور عہدیداران سے مکمل کوآرڈی نیشن کریں تاکہ کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد مل سکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) عید الاضحیٰ کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے جانوروں کی باقیات اٹھا کر مذکورہ جگہوں پر چونے کا چھڑکاؤ اس بات کی دلیل ہے کہ موجودہ انتظامیہ شہر کو گرین اینڈ کلین دیکھنا چاہتی ہے جس پر انتظامیہ کیساتھ ساتھ عملہ صفائی بھی مبارکباد کا مستحق ہے ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کے راہنما بھائی عبدالرحمن نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے دیکھا جارہا تھا کہ عید قرباں گزرنے کے بعد بھی کئی کئی روز تک جانوروں کی آلائشیں پڑی رہتی تھیں مگر اب ایسا نہیں ہوا اور جہاں بھی جانوروں کی آلائشیں تھیں انہیں ساتھ ساتھ اٹھا کر چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا تاکہ بدبو نہ اٹھے بھائی عبدالرحمن نے کہا کہ کمشنر سرگودھا‘ ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور بلدیہ سرگودھا کے عملہ کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے انتھک محنت سے شہر کو عید کے تیسرے دن بالکل صاف کردیا تاجر برادری اس شاندار کارکردگی پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) مریضوں اور لواحقین کو گرمی کے موسم میں پینے کے ٹھنڈے اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے عوامی مطالبے پر ہسپتال کے گیٹ پر واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کردیا گیا ہے اس سے مریضوں اور لواحقین کے علاوہ گردونواح کے لوگوں کو بھی پینے کا میٹھا اور صاف پانی میسر آئیگا ہسپتال میں پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا جس کو دیکھتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت یہ فلٹریشن پلانٹ نصب کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب کے حوالہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اور صرف انسانیت کی فلاح ہے ہمارے کوئی مقاصد نہیں جو بھی کام کررہے ہیں اللہ کی رضاء اور نبی پاکؐ کی خوشنودی کیساتھ ساتھ انسانیت کی فلاح کیلئے ہیں ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا بنانا اور لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے کچھ لوگ اس کا غلط مطلب نکال کر ہمارے فلاحی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں جس سے انہیں کچھ حاصل نہ ہوگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں آنیوالی عمارتوں میں قیام پذیر کرایہ داروں کی فہرستیں مرتب کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں ذرائع کے مطابق جن لوگوں نے کرایہ داری ایکٹ کے تحت تھانوں میں اندراج نہیں کروایا ان کیخلاف فوری کاروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے حکومت نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پی صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ وہ امام بارگاہوں‘ جلوس کے راستوں اور مجالس والے مقامات پر سرچ آپریشن کو بھی یقینی بنائیں اور خصوصاً ایسی عمارتیں جہاں پر کرایہ دار رہتے ہیں ان کے کوائف اکٹھے کئے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے میں مدد مل سکے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) یوسی 18 میں مرزا الیاس بیگ‘ مرزا اسلام بیگ اور ساجد قریشی کی ذاتی کوششوں سے عملہ صفائی نے عید کے دوسرے روز پوری یونین کونسل کو جانوروں کی آلائشوں سے نہ صرف صاف کیا بلکہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے میں بلدیہ کے عملہ کی بھرپور معاونت کی جس پر یونین کونسل 18 کے محمد حارث‘ محمد مہران‘ محمد عمران‘ چوہدری محمد علی‘ زاہد سرور کمبوہ اور دیگر نے مرزا اسلام بیگ‘ مرزا الیاس بیگ اور ساجد قریشی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ عید کے دوسرے دن پوری یونین کونسل میں کہیں بھی جانوروں کی آلائشیں دیکھنے میں نہ آئیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پاکستان کے نقشے میں مقبوضہ کشمیر کو شامل کرنا اور مظفر آباد روڈ کو سرینگر ہائی وے کا درجہ دینے کا فیصلہ مودی کی سیکولر ازم کی قلعی کو کھولنے کی ایک کوشش ہے جس میں پاکستان بہت حد تک کامیاب جارہا ہے حکومتی خارجہ پالیسی اور وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کے خطاب میں کشمیر کو دنیا کے مسائل میں پہلے نمبر پر لے آنا عمران خان کی کامیابی ہے ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی و سینئر راہنما پاکستان تحریک انصاف الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کیا انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کشمیر کی آزادی کی طرف پہلا عملی قدم اٹھا لیا گیا ہے دنیا بھارتی جمہوریت کا بھیانک چہرہ دیکھ چکی ہے اور خود بھارت کی 8 ریاستیں ٹوٹنے کے قریب ہیں ہمالیہ کو کوری ڈور اور گوادر سے نیپال کو ملانے کی چینی تجویز کو پاکستان نے خوش آئند قرار دیا ہے جس سے خطہ میں پاکستانی برتری مزید ابھر کر سامنے آئیگی کیونکہ ہندؤ توا سوچ کے باعث بھارت کے تمام پڑوسی اس سے نالاں ہیں اور سی پیک منصوبے کے باعث دنیا کی توجہ پاکستان کی طرف بڑھ رہی ہے الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا اور دنیا کی 70 فیصد تجارت گوادر پورٹ سے ہوگی جس سے پاکستان خوشحالی کے نئے دور میں شامل ہوگا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) محکمہ اوقاف پنجاب نے عبدالشکور ایڈمنسٹریٹر محکمہ اوقاف سرگودھا کو تبدیل کرکے مینجر اوقاف سرکل 3 ملتان تعینات کردیا ہے جبکہ قاضی اظہر منیر مینجر اوقاف خوشاب سرکل کو ایڈمنسٹریٹر اوقاف سرگودھا تعینات کردیا ہے اسی طرح مینجر اوقاف سرگودھا صہیب افضل کو مینجر اوقاف خوشاب کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے جبکہ متعدد دیگر اضلاع کے افسران کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت کی جانب سے کرونا وباء کے باوجود کھیلوں کے میدان میں آباد کرنے کا عمل جاری ہے اس سے کھیلوں کی سرگرمیاں نہ صرف بحال ہونگی بلکہ نوجوان نسل کو موبائل اور نشہ جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل ہوگا ویسے بھی کہاوت ہے کہ جس قوم کے گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں اس کے ہسپتال ویران ہوجاتے ہیں ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن سرگودھا ڈویژن کے صدر راجہ عبدالوہاب نے کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں کھیلوں کے گراؤنڈ کا آباد ہوگا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے اور اللہ کے فضل سے پاکستانی قوم نے جس طرح حکومت کا ساتھ دیکر کرونا کو شکست دی ہے اس کے بہتر نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ کھیلوں کے میدان کیساتھ ساتھ تھیٹر اور سینما ہال کھولنے کا فیصلہ بھی حکومت کا بڑا اقدام ہوگا اس سے تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی راجہ عبدالوہاب نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر کے ممالک کرونا کی وباء سے پریشان ہیں مگر پاکستانی قوم دلیری کیساتھ کرونا کا مقابلہ کرنے کیساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیاں بھی بحال رکھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ آنیوالے دنوں میں میرج ہال‘ تعلیمی ادارے اور پرانی روش بحال کی جارہی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) موبائل آنے سے سینما گھر اور تھیروں کی رونقیں ماند پڑنا شروع ہوگئیں اکثر سینما گھر اور تھیٹر ہال بھوت بنگلوں میں تبدیل ہوگئے مالکان نے سینما گھروں اور تھیٹر ہالز کو شادی گھروں اور شاپنگ سنٹرز میں تبدیل کرنا شروع کردیا ہے سرگودھاکے دس سینما گھروں میں سے کئی سینما گھر شادی ہال اور دیگر سرگرمیوں کیلئے استعمال ہونے لگے اسی طرح تھیٹر کا وجود سرگودھا میں مکمل طور پر دم توڑ گیا ہے اب آرٹ کونسلز کی جانب سے شاندار بلڈنگز اور ہالز تعمیر ہونے سے توقع کی جارہی ہے کہ سرگودھا میں اسٹیج ڈراموں کا رواج ایک بار پھر عروج حاصل کرے گا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) یوم استحصال کے موقع پر بھارتی فوج نہتے کشمیریوں سے خوف کھانے لگی‘ کشمیریوں کے غم و غصہ کو دیکھتے ہوئے جدید اسلحہ سے لیس بھارتی فوج نے سرینگر میں مکمل کرفیو لگا کر بزدل فوج ہونے کا ثبوت دیدیا ہے ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار حلقہ این اے 88 راؤ طاہر مشرف نے کیا انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے پاس صرف اور صرف جذبہ جہاد ہے اور ہر مسلمان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ شہادت اس کی موت ہو کشمیریوں کی شہادت آزادی کی نوید لیکر طلوع ہورہی ہے راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اب کشمیر آزاد ہوکر رہے گا راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ بھارتی فوج دنیا کی بزدل ترین فوج ہے جس میں لڑنے کی صلاحیت نہیں مکار لومڑی کی طرح ہندؤ بنیاء اپنی سوچ جہاں مرضی تک لے جائے پاکستانی مار خور اس لومڑی کو مار کر رہے گا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے ایس او پیز تیار‘ کسی بھی پرائیویٹ اور سرکاری سکول میں اسمبلی پر پابند ہوگی اور نہ ہی کسی بھی تعلیمی ادارے کو تفریح کرنے کی اجازت ہوگی سکولوں میں ڈیسک پر صرف دو طلباء بیٹھ سکیں گے جو باہمی اشیاء کا تبادلہ نہیں کرینگے سکولوں میں صرف ریاضی‘ انگلش‘ سائنس پڑھائی جائیگی باقی کام گھر پر کرنا ہوگا ہر کلاس روم‘ سٹاف روم‘ واش روم میں صبح سویرے جراثیم کش سپرے کو لازم قرار دیا گیا ہے ان ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالے تعلیمی ادارے بند کردیئے جائینگے دوسری طرف پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے 15 اگست سے تعلیمی سرگرمیوں کو شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم یہ کہا گیا ہے کہ ایسے تعلیمی ادارے نہیں کھولے جائینگے جس یونین کونسل میں کرونا کے مریض ہونگے پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز سے کہا ہے کہ وہ امتحانات کی مد میں طلباء سے وصول کئے جانیوالے اربوں روپے فوری واپس کرے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ملکی معیشت کی گرتی ہوئی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت فوری طور پر ایس او پیز کے تحت ہفتہ میں دو روز لاک ڈاؤن کا فیصلہ واپس لے ملک بھر میں بیشتر کاروباری ادارے جمعہ کے روز بند ہوتے ہیں اس لئے صرف جمعہ کے روز مکمل لاک ڈاؤن کرکے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل کی جائیں اور باقی 6 دن صبح نو بجے سے رات نو بجے تک کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی جائے ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کے صدر و ایگزیکٹو ممبر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شفیق الرحمن نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے میرج ہال‘ سینما ہال‘ تھیٹر‘ تعلیمی ادارے کھولنے کی سفارش خوش آئند ہے اس سے لوگوں کا روزگار چلے گا اور بے روزگاری میں کمی آئیگی شفیق الرحمن نے کہا کہ پانچ ماہ کے لاک ڈاؤن نے معاشی طور پر تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے خصوصاً چھوٹا تاجر پس کر رہ گیا ہے ان حالات میں ضروری ہے کہ تاجروں کو ہفتہ میں 6 روز 12 گھنٹے کام کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ جو تاجر لاک ڈاؤن کے دوران معاشی طور کمزور ہوئے ہیں وہ معاشی طور پر مضبوط ہوسکیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) حکومت پنجاب نے ملک بھر میں محرم الحرام کے موقع پر 10-9-8 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ موبائل فون سروس بند رکھنے کے اختیارات متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر اپنے متعلقہ اضلاع میں جتنے دن چاہیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ موبائل سروس بند کرسکتے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے حساس اضلاع میں 10-9-8 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور موبائل فون سروس پر پابندی عائد کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے تاہم ایسے اضلاع جہاں پر امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے وہاں پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو اختیار ہے کہ وہ دو دن بھی پابندی لگا سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow